راجستھان کی سیاسی صورتحال کے پیش نظر برسراقتدار جماعت کانگریس پارٹی نے آج اپنے تمام ارکان اسمبلی میٹنگ طلب کی ہے اور اس میٹنگ میں شریک ہونے کے لیے وہیپ بھی جاری کر دیا ہے۔
راجستھان کانگریس انچارج اویناش پانڈے نے کہا کہ پارٹی کی میٹنگ میں حاضر رہنا ہر رکن اسمبلی کے لیے لازمی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس رکن اسمبلی نے بھی وہیپ کی خلاف ورزی کی تو اس کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ راجستھان میں جاری سیاسی رسہ کشی کے دوران اس طرح کی خبریں گشت کر رہی ہیں کہ نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ بی جے پی میں شامل ہوسکتے ہیں حالانکہ پائلٹ کی جانب سے اس طرح کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
ریاست کی سیاسی صورتحال پر بلائی گئی میٹنگ میں سچن پائلٹ نے شرکت کرنے سے انکار کر دیا ہے لیکن اب جبکہ پارٹی کی جانب سے وہیپ جاری کر دیا گیا ہے تو یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ سچن پائلٹ میٹنگ میں حاضر ہوتے ہیں یا نہیں؟