راجستھان کے ضلع بھیلواڑا کے چھوٹے سے قصبہ شاہ پورہ کے رہائشی کیلاش کوہلی ان دنوں کافی مشہور ہو رہے ہیں۔
کوہلی وزیراعظم نریندر مودی اور امیتابھ بچن کی آواز کی ہو بہو نقل کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ پینٹنگ بھی بنانے کا شوق رکھتے ہیں, یہی وجہ ہے کہ ان کی شہرت آج اپنے شہر میں ہی نہیں بلکہ پوری ریاست میں سر چڑھ کر بول رہی ہے۔
ایک طرف جہاں کوہلی ہاتھوں سے مٹی کا مجسمہ بناکر لوگوں کو اپنے طرف راغب کرتے ہیں وہیں دوسری جانب بالی ووڈ سپر اسٹار امیتابھ بچن اور ملک کے وزیر اعظم کی آواز سے ناظرین کے دل میں اپنی جگہ بنا لیتے ہیں۔
پیشے سے کمپاؤنڈر کی نوکری کرنے والے کیلاش کوہلی کی آواز پر لوگ جھوم اٹھتے ہیں۔
کیلاش کوہلی کی راجستھانی فلموں میں اداکاری نے ایک طرف جہاں ان کو شاہ پور کا لاڈلا بنا دیا تو وہیں ان کو راجستھان میں مشہور و معروف اداکار بھی بنا دیا۔
کیلاش کوہلی کی مجسمہ کاری دیکھنے کے لئے نہ صرف آس پاس کے لوگ ان کے یہاں آتے ہیں بلکہ ریاستی سطح پر مجسمہ سازی کے قدر دان بھی ان کی مجسمہ کاری کو دیکھتے ہیں اور تعریف کرتے ہیں۔
کیلاش کوہلی کے مطابق انہوں نے اب تک اپنی مجسمہ کاری سے شہید کنور پرتاب سنگھ, بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر بالی ووڈ فلم اسٹار امیتابھ بچن, انیل کپور, رتیک روشن اور گاندھی جی کے علاوہ راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت جیسی شخصیات کے مٹی سے خوبصورت مجسمے تیار کیے ہیں، وہیں مذہبی مقامات کی مختلف انداز میں پینٹنگ بھی بنائی ہے۔