ٹونک: راجستھان کے سابق نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ نے مرکزی حکومت پر اپوزیشن لیڈروں کے خلاف جھوٹے مقدمے درج کرکے عوام کی آواز کو دبانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ نظریاتی اور سیاسی اختلافات رکھنے والے لوگوں کو دھمکیاں دے رہی ہے، عوام کی آواز کو دبا کر من مانی طریقے سے اقتدار میں رہنا چاہتی ہے جو صحت مند جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہے۔ سچن پائلٹ نے آج ٹونک ضلع کے اپنے دورہ کے دوران یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت نے پچھلے آٹھ نو برسوں میں عوام کی آواز کو دبانے کا کام کیا ہے۔ سرکاری تحقیقاتی ایجنسیوں، سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی)، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ، انکم ٹیکس کے ذریعے کوشش کی جارہی ہے کہ اپوزیشن لیڈروں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرکے انہیں ڈرایا جائے تاکہ وہ عوامی ترقی کے مسائل کو پرزور طریقہ سے نہ اٹھا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ دہلی میں بیٹھی بی جے پی حکومت کا واحد کام عوام کی آواز کو دبا کر من مانی طریقے سے اقتدار میں رہنے کے لیے ان لوگوں کو ڈرانا اور دھمکانا ہے جن کے ساتھ نظریاتی اور سیاسی اختلافات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے مہنگائی میں بے تحاشا اضافہ کیا ہے، نوجوان مخالف اگنی ویر اسکیم کو نافذ کیا ہے، کسانوں کے خلاف تین کالے قانون تھوپنے کی کوشش کی اور جب اپوزیشن کے لیڈر عوام کے ان مسائل پر بات کرتے ہیں تو ان کی آواز کو تفتیشی ایجنسیوں سے دبانے کا کام کیا جاتا ہے۔ یہ نظام صحت مند جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہے۔سچن پائلٹ نے کہا کہ جمہوریت میں لیڈروں اور عوام کے درمیان بات چیت قائم ہونی چاہیے۔ بعض مسائل پر اختلاف بھی ہو تو لوگوں کی بات سن کر حل نکالنا چاہئے۔
انہوں نے کہا، 'انتخابی سال میں آپ کے درمیان نئے لیڈر، نئی سیاسی پارٹیاں آئیں گی، وہ آپ کو مذہب، ذات پات، زبان، جنس کے نام پر گمراہ کرنے کی کوشش کریں گی۔ لیکن آپ کو ترقی کے مسائل پر بات کرنی ہو گی۔ جن لوگوں نے آپ کی خوشی اور غم میں آپ کا ساتھ دیا، ہر حال میں علاقے میں ترقی کی انہیں سیاسی طاقت دے کر ان کے ہاتھ مضبوط کرنے ہوں گے۔ سچن پائلٹ نے کہا کہ ہم نے پچھلے چار سالوں میں بہت سے ترقیاتی کام بغیر کسی تفریق اور جانبداری کے کئے ہیں اور باقی ماندہ کام بھی جلد مکمل کر لئے جائیں گے۔
عوام کے ترقیاتی کاموں کے لئے وسائل کی کوئی کمی نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں سڑک، پانی اور بجلی کے کام ہونے چاہئیں لیکن میں سمجھتا ہوں کہ ہماری پہلی ترجیح تعلیم اور طبی شعبے کی ترقی ہونی چاہیے کیونکہ جب ہمارے لڑکے اور لڑکیاں صحت مند، تعلیم یافتہ اور اعلیٰ عہدوں پر بیٹھیں گے تو یہ شعبہ ترقی کرے گا۔ ترقی خود بخود ہو جائے گی۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے ٹونک کے گرام پنچایت پالڑا کے گاؤں نواب پورہ، گرام پنچایت گھانس کے گاؤں کھجوریا اور گرام پنچایت بامور میں مختلف کاموں کا سنگ بنیاد رکھا اور افتتاح کیا۔ قبل ازیں سچن پائلٹ نے ٹونک سرکٹ ہاؤس میں ضلعی انتظامی افسران کی میٹنگ کی اور ترقیاتی کاموں کی پیشرفت کی رپورٹ لی۔ وہ ٹونک اسپورٹس اسٹیڈیم پہنچے اور وہاں جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا اور ضروری ہدایات دیں۔
یہ بھی پڑھیں: Sachin Pilot On Paper Leak : نوجوانوں کا اعتماد کھونا ایک بڑا چیلنج بن سکتا ہے، پائلٹ
یواین آئی