ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور میں اس بار پتنگوں کی قیمتوں میں گزشتہ برس کے مقابلے 20 فیصدی کا اضافہ ہوا ہے۔ وہیں جےپور کی مکر سکرانتی اور پتنگ بازی عالم بھر میں مشہور ہے۔
مکر سکرانتی کے موقعے پر سیاح جے پور آتے ہیں اور پتنگ بازی کا لطف لیتے ہیں لیکن جس طرح کے حالات ان دنوں جے پور کے پتنگ کے بازاروں میں ہیں وہ کافی زیادہ پریشان کرنے والے ہیں، یہاں کی دکانوں پر پتنگیں تو نظر آرہی ہیں لیکن ان کو خریدنے والا کوئی نہیں ہے۔
جب ای ٹی وی بھارت نے دکانداروں سے بات کی تو ان کا کہنا ہے کہ 'بیوی کے زیورات کو رہن رکھ کر پتنگ اور تمام سامان یہاں پر بیچنے کے لیے لائے ہیں لیکن خریداری نہیں ہو پا رہی ہے۔'
پتنگ دکاندار فرید خان نے بتایا کہ 'ہر برس یہاں سے مکر سکرانتی کے سیزن پر کمائی اچھی ہو جاتی تھی لیکن اس بار خریدار کم دیکھنے کو مل رہے ہیں۔'
ان کا کہنا ہے کہ 'ان سب کے پیچھے جی ایس ٹی کی مار ہمارے اوپر پڑ رہی ہے۔'