باڑمیر: راجستھان کے باڑمیر ضلع میں پیر کی صبح ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ دو ٹریلر میں ایک دوسرے سے ٹکرا نے کے سبب آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں تین افراد زندہ جل گئے، جب کہ ایک شخص کی حالت تشویش ناک ہے اور اسے ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ فی الحال آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ یہ حادثہ ضلع کے گڈاملانی تھانہ علاقے میں پیش آیا۔ پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق پہلا ٹریلر بیکانیر سے مٹی بھر سنچور کی طرف جا رہا تھا۔ دوسرا ٹریلر ٹائلوں سے لدا ہوا تھا۔ گوڈاملانی الپورہ ہائی وے کے قریب دونوں ٹریلر کے درمیان زبردست ٹکر ہوئی، جس کے نتیجے میں تین افراد آگ کی زد میں آگئے۔ ایک شخص نے اپنے ٹریلر سے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچائی اور زخمی ہونے سے بچ گیا۔
مزید پڑھیں: Ajmer Road Accident اجمیر میں سڑک حادثے میں دو ہلاک، 20 لوگ زخمی
اس حادثے کے نتیجے میں ہائی وے پر جام ہوگیا۔ جلتے ہوئے ٹریلرز سے بڑے بڑے شعلے اٹھنے لگے۔ دونوں طرف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ شوبھاکرن کھچی نے بتایا کہ میگا ہائی وے پر دو ٹریلر آپس میں ٹکرا گئے۔ اس کے بعد گاڑیوں میں آگ لگ گئی اور تین افراد زندہ جل گئے۔ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ فی الحال پورے معاملے کی جانچ جاری ہے۔ آگ لگنے کی صحیح وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ حادثہ رات کے وقت پیش آیا۔ مقامی ریونیو اور پولیس حکام موقع پر پہنچ گئے۔ حکام نے واقعے میں جھلس کر زخمی ہونے والے شخص کے لیے بہتر طبی امداد کا حکم دیا۔ جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت ہونا باقی ہے۔