ریاست راجستھان کے جودھپور میں زیر بحث کالا ہرن شکار معاملے میں فلم اداکار سلمان خان ایک بار پھر ہفتہ کے روز ضلعی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
اس تعلق سے سلمان خان کی جانب سے بطور وکیل سارسوت ہستیمل، نشانت بوڑا، وجے چودھری عدالت میں پیش ہوئے اور سلمان خان کے چاروں معاملے میں معافی نامہ داخل کیا، جس کے بعد کورٹ نے کہا کہ 'ہر بار پیشی سے غیر حاضری اور معافی سے کام نہیں چلے گا، آئندہ بار سلمان خان کو خود حاضر ہونا ہوگا'۔
جودھپور ضلعی عدالت کے جج راجندر کاسوال نے سلمان خان کے ہاضری معافی کے تعلق سے کہا کہ 'آئندہ سماعت 6 فروری کو ہوگی اور اس دن سلمان خان کو کورٹ میں پیش ہوکر 437 اے کے تحت ذاتی مچلکہ جمع کرانا ہوگا اور غیر حاضری کی وضاحت بھی پیش کرنی ہوگی'۔
واضح رہے کہ کالا ہرن شکار معاملے میں سی جی ایم گرامین دیو کمار کی عدالت نے 5 اپریل 2018 کو فیصلہ سناتے ہوئے سلمان خان کو پانچ سال کی سزا سنائی تھی، جبکہ اس معاملے میں ملزم سیف علی خان اداکارہ نیلم، تبو، اور سنالی بیندرے کو بری کر دیا تھا۔ حالانہ سلمان خاں کو اس وقت گرفتار کرکے جودھپور جیل بھیجا گیا تھا لیکن بعد میں وہ کوٹ سے ملی ضمانت کی بنیاد پر رہا ہوگئے تھے ۔