بھیلواڑا: ریاست راجستھان کے ضلع بھیلواڑا کے جہاز پور علاقے سے گزرنے والی قومی شاہراہ 148 ڈی دھود ناتھون گاؤں میں ایک سڑک حادثہ پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار ڈمپر نے کار کو ٹکر مار دی، جس کے سبب تین افراد ہلاک ہو گئے جبکہ دو شدید طور پر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو بھیلواڑا ریفر کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد مشتعل گاؤں والوں نے گاڑیوں کو آگ لگا دی۔ سڑک حادثہ میں تین نوجوانوں کی موت کی خبر پھیلتے ہی گاؤں والے موقع پر جمع ہوگئے۔ پولیس کی آمد پر لوگوں نے پتھراؤ کیا جس سے تھانہ جہاز پور کی گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے۔ مشتعل لوگوں نے نیشنل ہائی وے 148D کے آس پاس کھڑی کچھ گاڑیوں کو آگ لگا دی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہنس راج بیروا اور پولیس افسر دلی چند گجر مے جاپتا کے موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس کے موقع پر پہنچتے ہی مشتعل گاؤں والوں نے پتھراؤ کیا۔ حادثے میں رمیش، لیکھراج اور دھیرج کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ حادثے میں شدید زخمی اشوک، نریندر کو بھیلواڑا ریفر کر دیا گیا ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سب ڈویژنل افسر دامودر سنگھ اسپتال پہنچے اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دی۔ صورتحال کو بگڑتے دیکھ کر رکن اسمبلی گوپی چند مینا اور سب ڈویژن افسر موقع پر پہنچ گئے۔
مزید پڑھیں:۔ JE Killed in Road Accident: سڑک حادثہ میں جونیئر انجینئر ہلاک
بی جے پی ایم ایل اے گوپی چند مینا نے الزام لگایا کہ جہاز پور کے ایس ڈی ایم، تحصیلدار اور پولیس حادثے کے ایک گھنٹے بعد موقع پر پہنچے۔ ایسے میں مکینوں میں انتظامیہ کے خلاف شدید ناراضگی پائی جاتی ہے۔ ایم ایل اے نے کہا کہ میں زخمیوں کو اپنی نجی گاڑی میں اسپتال لے گیا۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ غیر قانونی بجری سے بھری گاڑیوں پر پابندی لگائی جائے۔