جے پور: راجستھان میں راجیہ سبھا کی چار نشستوں پر ہوئے انتخابات میں کانگریس کے امیدوار رندیپ سرجے والا، مکل واسنک اور پرمود تیواری اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار گھنشیام تیواری جیت گئے، جبکہ بی جے پی کے حمایت یافتہ اور آزاد امیدوار سبھاش چندرا ہار گئے۔
راجیہ سبھا کی ان چار سیٹوں کے انتخاب میں کانگریس کے تینوں امیدواروں نے الیکشن جیتا، جب کہ اس الیکشن میں بی جے پی اپنے امیدوار کو جتوانے میں کامیاب رہی لیکن وہ اپنے حمایت یافتہ اور آزاد امیدوار سبھاش چندر کو نہیں جیتا سکی۔ ان انتخابات میں بی جے پی نے ایک طرح سے آزاد امیدواروں کی حمایت کرکے اپنا دوسرا امیدوار کھڑا کیا تھا، لیکن اس کی حکمت عملی وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت کے جادو کے سامنے ناکام ہوگئی۔
اشوک گہلوت نے راجیہ سبھا انتخابی نتائج پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست میں راجیہ سبھا کی تین سیٹوں پر کانگریس کی جیت جمہوریت کی جیت ہے۔ راجیہ سبھا انتخابات کے نتائج سامنے آتے ہی گہلوت نے اپنے ردعمل میں یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ میں تین نو منتخب ممبران پارلیمنٹ پرمود تیواری، مکل واسنک اور رندیپ سرجے والا کو مبارکباد دیتا ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ تینوں ممبران پارلیمنٹ دہلی میں راجستھان کے کاز کی بھرپور وکالت کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ شروع سے ہی واضح ہے کہ کانگریس کے پاس تمام تین سیٹوں کے لیے مطلوبہ اکثریت ہے لیکن بی جے پی نے آزاد امیدوار کو میدان میں اتار کر ہارس ٹریڈنگ کی کوشش کی۔ ہمارے اراکین اسمبلی کی یکجہتی نے اس کوشش کا کرارا جواب دیا ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کو اگلے سال اسمبلی انتخابات میں بھی اسی طرح کی شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔
یو این آئی