کانگریس کی طلبا تنظیم این ایس یو آئی ونگ کی جانب سے راجستھان کے دارالحکومت جئے پور میں بی جے پی کے ریاستی دفتر کے گھیراؤ کا اعلان کیا گیا تھا۔
جس کے بعد میں این ایس یو آئی کے ریاستی صدر ابھیشیک چودھری کی قیادت میں تمام کارکنان بی جے پی کے ریاستی دفتر کا گھیراؤ کرنے پہنچے لیکن یہاں بی جے پی یوا مورچہ اور این ایس یو آئی کے کارکنان آمنے سامنے آگئے۔
پہلے تو یہاں دونوں ہی تنظیموں کی جانب سے جم کر نعرے بازی کی گئی لیکن بعد میں معاملہ اس قدر طول پکڑ گیا کہ پتھر بازی بھی کی جانے لگی۔
اس دوران چند لوگوں کے زخمی ہونے کی بات بھی سامنے آرہی ہے، حالات قابو میں کرنے کے لیے موقع پر موجود پولیس نے لاٹھی چارج کردیا۔ فی الحال حالات مزید خراب نہ ہوں، اس کے لیے کثیر تعداد میں پولیس جوان یہاں تعینات کر دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ راجستھان میں کانگریس کی ریاستی حکومت کی جانب سے بھارت بند کو پوری طرح سے حمایت دینے کی بات کہی گئی تھی، اس دوران ریاست کے متعدد حصوں میں بند کا خاصا اثر دیکھا گیا ہے۔