ریاست راجستھان میں یوم آزادی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر کئی طرح کے پروگراموں کا اہتمام بھی کیا گیا۔ راجستھان کے دارالحکومت جے پور میں ریاستی سطح کا پروگرام سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم ( ایس ایم ایس) میں منعقد کیا گیا۔ یہاں سبھی سرکاری دفتروں اور اسکولوں میں بھی یہ تہوار منایا گیا۔ عالمی وباء کورونا کی وجہ سے اکثریت بڑے پروگرام نہیں ہو پائے۔
راجستھان مسلم وقف بورڈ دفتر میں یوم آزادی کے موقع پر راجستھان مسلم وقف بورڈ کے چیئرمین خانو خان بودھوالی کی قیادت میں پروگرام منعقد ہوا۔ وقف بورڈ کے عہدیدران اور ذمہ داران اور وقف کمیٹی کے ممبروں کی جانب سے پرچم کشائی کی گئی اور قومی ترانہ سنایا گیا۔
اس دوران یہاں آئے ہوئے مہمانوں نے کہا کہ آج ہمیں آزادی ملی تھی اس لیے ہم سبھی لوگوں کا فرض بنتا ہے کہ ہم ہندوستان کی گنگا جمنی تہذیب کا پرچم پورے عالم بھر میں لہرائیں۔
یوم آزادی کے موقع پر منعقدہ اس پروگرام میں راجستھان مسلم وقت بورڈ میں کام کرنے والے ملازمین اور دیگر حضرات موجود رہے۔ یوم آزادی کے موقع پر تمام لوگوں نے ایک دوسرے کو دلی مبارکباد بھی پیش کی اور ہندوستان کے لیے اپنی جان قربان کرنے والے شہیدوں کو بھی یاد کیا گیا۔