جے پور: ملک اور راجستھان میں ہورہے تشدد کے معاملے کو لے کر راجستھان چیف قاضی خان عثمانی نے اہم بیان دیا ہے۔ Rajasthan Chief Qazi over Rallies راجستھان چیف قاضی خان عثمانی نے کہا کے راجستھان حکومت کو چاہیے کہ ایک ایسا قانون لے کر آئے اگر کوئی بھی ہندو مسلم تنظیم جلوس یا ریلی نکالتی ہے اور اگر اس ریلی یا جلوس میں کسی طرح سے کوئی ماحول خراب ہوتا ہے یا پھر کوئی نقصان ہوتا ہے تو اس کی ذمہ داری اس پر عائد کی جائے جس نے ریلی نکالنے کی اجازت لی ہے۔ ریلی نکالنے والوں سے نقصان کی بھرپائی کرائی جائے۔ انہوں نے کہا جس روز راجستھان حکومت یہ قانون لے کر آ گئی اس روز سے راجستھان کے حالات صحیح ہو جائیں گے، جو لوگ ہندو مسلمان کے درمیان اختلاف پیدا کرنا چاہتے ہیں وہ لوگ اپنے منصوبوں میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کچھ لوگ بھارت اور پاکستان کا ماحول خراب کرنا چاہتے ہیں۔ اس لئے اس طرح کے معاملے پیش نظر آ رہے ہیں۔ وہیں انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں کو پوری امید ہے کہ راجستھان حکومت میرے اس مطالبہ کی جانب توجہ دے گی اور جلد ہی راجستھان اسمبلی میں اس طرح سے کوئی قانون لایا جائے گا۔ واضح رہے کہ کچھ دن قبل راجستھان کے کرولی میں ہندو مسلم کے درمیان تشدد کا واقعہ پیش آیا۔ معاملہ سامنے آنے کے بعد راجستھان کے کرولی میں کرفیو نافذ کردیا گیا تھا۔