اجمیر: راجستھان میں اجمیر کے گنج تھانہ علاقے میں پشکر روڈ رشی گھاٹی پر واقع جگن ناتھ مندر کے پجاری گووند نارائن شرما کی جواہر لال نہرو اسپتال میں موت ہو گئی۔ 90 سالہ متوفی پجاری نے مندر کی انتظامی کمیٹی سے پریشان ہوکر تین روز قبل مٹی کا تیل چھڑک خودسوزی کی کوشش کی تھی۔ ساٹھ فیصد جھلسے پجاری کو تشویشناک حالت میں علاج کے لیے جے ایل این اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں کل دیر رات ان کی موت ہوگئی۔ اس واقعہ کے بعد برہمن سماج مشتعل ہوگیا اور قصورواروں کی گرفتاری کا مطالبہ کرنے لگا۔ Pujari Govind Narayan Sharma Died
راجستھان برہمن سماج نے پجاری کی موت کے بعد لاش نہ اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔ مہاسبھا کے پنڈت سداما شرما نے کہا ہے کہ جب تک انصاف نہیں مل جاتا لاش کو نہیں اٹھایا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی متوفی کے اہل خانہ میں سے کسی ایک کو سرکاری نوکری اور 50 لاکھ روپے کے معاوضے کا مطالبہ کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ برہمن مہاسبھا نے انصاف کے لیے آج صبح نو بجے مقامی بجرنگ گڑھ چوک پر پنچایت بلائی تھی، لیکن بدقسمتی سے پجاری کی پہلے ہی موت ہوگئی۔ پجاری کی موت کے بعد اجمیر انتظامیہ اور پولس انتظامیہ الرٹ ہو گئی ہے۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس چھوی شرما نے محاذ سنبھالا ہوا ہے اور امن و امان کو خراب نہ کرنے کی بات کہی ہے۔ پولس کو خدشہ ہے کہ معاملہ زور پکڑ لے گا اور برہمن سماج ایک بڑی تحریک کر سکتا ہے جس میں ریاستی سطح کے لیڈر بھی آج اجمیر پہنچیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: بارہ بنکی: شادی کا پیسہ جمع کرنے کے لیے پجاری کا قتل
دوسری جانب ریاستی وزیر کا درجہ رکھنے والے راجستھان اسٹیٹ وپرا ویلفیئر بورڈ کے صدر مہیش شرما نے بھی ضلع کلکٹر اجمیر کو ایک خط لکھ کر پجاری کی خود سوزی کے معاملے میں قصورواروں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے اورلواحقین کو انصاف دلانے کی سفارش کی ہے۔
یو این آئی