ریاست راجستھان میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا ( پی ایف آئی) کی جانب سے ہجومی تشدد کے بڑھتے ہوئے معاملات کے مدنظر ریاستی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ پی ایف آئی نے پریس نوٹ جاری کرکے حکومت سے اس طرح کے معاملات پر کارروائی کرنے کی بات کہی ہے۔
پی ایف آئی کی جانب سے جاری پریس نوٹ میں یہ کہا گیا ہے کہ جس طرح سے راجستھان کے اجمیر میں حال ہی میں ہجومی تشدد کا معاملہ سامنے آیا ہے، وہ غلط ہے۔ راجستھان میں روز بروز ہجومی تشدد کے معاملے سامنے آرہے ہیں اور مسلمانوں کے ساتھ مار پیٹ کی جارہی ہے۔ اس سے صاف پتہ چلتا ہے کہ راجستھان میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔
پریس نوٹ میں کہا گیا کہ پولیس کا خوف کم ہورہا ہے، کانگریس حکومت میں بھی یوگی حکومت کی جھلک نظر آرہی ہے۔ راجستھان میں مسلسل مسلم مذہب کے لوگوں کو نشانہ بناکر ٹارگیٹ کیا جارہا ہے اور اس طرح کے معاملے میں صحیح کارروائی نہیں ہونے کی وجہ سے ہم لوگ یہ کہہ سکتے ہیں کہ مسلمانوں کو محض ووٹ بینک کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔ مسلم لوگوں کے ووٹوں سے فتح حاصل کرنے والی کانگریس مسلمانوں کے ہی کام صحیح طرح سے نہی کررہی ہے۔ مسلمانوں کے حقوق کو دبایا جارہا ہے۔
مزید پڑھیں:What is UAPA Act: "یو اے پی اے" قانون کیا ہے؟
پی ایف آئی اے کی جانب سے پریس نوٹ میں مزید کہا گیا کہ ابھی حال ہی میں جس طرح سے اجمیر میں چند لوگوں نے مل کر ایک مسلم فقیر کو ہجومی تشدد کا شکار بنایا ہے اس میں بھی راجستھان پولیس صحیح طریقے سے کام نہیں کررہی ہے۔
پی ایف آئی کا کہنا ہے کہ اگر صحیح طرح سے راجستھان پولیس نے کام نہیں کیا تو بڑا احتجاجی مظاہرہ دارالحکومت جے پور میں کیا جائے گا۔