جے پور: راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے اچھی تعلیم ہی کو بہتر مستقبل کی بنیاد قراردیتے ہوئے کہا کہ راجیو گاندھی ویلفیئر سوسائٹی کی طرف سے شروع کیا گیا 'ایک پہل انڈیا' پروگرام مقابلہ جاتی امیدواروں کے لیے انقلابی ثابت ہوگا۔اشوک گہلوت اتوار کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے راجستھان یونیورسٹی کے ایڈمنسٹریٹو سروس پری انٹری ٹریننگ سنٹر (اے پی ٹی سی) سنٹر میں راجیو گاندھی ویلفیئر سوسائٹی کی طرف سے مفت سیٹلائٹ کلاسز کے آغاز کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مفت کوچنگ کے لیے ریاستی حکومت کے ساتھ اداروں کی شراکت سے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے بہتر مواقع فراہم ہوں گے۔ ریاستی حکومت نوجوانوں کے لیے راہ ہموار کرنے کے لیے پوری ذمہ داری کے ساتھ فیصلے لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کا مستقبل نوجوانوں پر ہے۔ اس لیے ریاستی حکومت نوجوانوں کی ہمہ جہت ترقی کے لیے عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مکھیہ منتری انوپرتی کوچنگ اسکیم کے تحت 30 ہزار نوجوانوں کو مفت کوچنگ، راجیو گاندھی اسکالرشپ فار اکیڈمک ایکسیلنس میں 500 طلباء کوبیرون ملک اعلیٰ تعلیم کے مفت مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔ اس سے طلبہ کے اعتماد میں اضافہ ہوگا، جب وہ بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کے بعد نوکری حاصل کریں گے تو وہ ریاست کا بہترین انسانی وسائل ثابت ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ راجستھان میں اب پہلے جیسی صورتحال نہیں رہی۔ اب تعلیم سمیت ہر شعبے میں ہمہ جہت ترقی ہو رہی ہے۔ 1998 میں جب وہ پہلی بار وزیر اعلیٰ بنے تو اس وقت صرف 6 یونیورسٹیاں تھیں۔ اب 91 ہیں۔ اس مدت کارمیں ہی 303 کالجز شروع کیے گئے ہیں۔ ان میں تقریباً 130 لڑکیوں کے کالج ہیں۔ مہاتما گاندھی سرکاری انگریزی اسکولوں کو لے کر ریاست بھر میں جوش و خروش ہے۔ اس بجٹ میں ایک ایک ہزاردیہی اور شہری علاقوں میں اسکول کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ہر بلاک میں ڈیجیٹل لائبریری تیار کی جا رہی ہے۔ گرام پنچایت سطح پر 12ویں جماعت تک کے اسکول شروع کرنے کا ایک بڑا فیصلہ لیا گیا ہے۔ اس سے دیہات کے طلباء کو باہر نہیں جانا پڑے گا۔
یہ بھی پڑھیں: Ashok Gehlot On Development راجستھان میں خواتین خود کفیل ہو رہی ہیں
یواین آئی