ریاست راجستھان کے مدارس میں پڑھانے والے اساتذہ (پیرا ٹیچرز) طویل عرصے سے مطالبہ کر رہے تھے کہ 'ان کی تنخواہ میں اضافہ کیا جائے'۔
دراصل حکومت کی جانب سے جاری بجٹ میں ان لوگوں کی تنخواہ میں 15 فیصد اضافے کی بات کہی گئی تھی لیکن چار ماہ گزر جانے کے بعد بھی تنخواہ میں اضافے کے آرڈر جاری نہیں کیے گئے۔
ای ٹی وی بھارت نے اس موضوع کو خاص طور پر اٹھایا تھا اور کئی بار اعلی افسران سے اس تعلق سے بات بھی کی تھی، جس کے بعد گزشتہ شب کو محکمہ اقلیتی امور کی جانب سے تنخواہ میں اضافے کے آرڈر جاری کر دئے گئے۔
مدرسہ پیرا ٹیچر تنظیم کے ریاستی صدر اعظم خان پٹھان نے تنخواہ میں 15 فیصد اضافہ کے آرڈر جاری ہونے کی اطلاع دیتے ہوئے ریاست کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت، اقلیتی وزیر صالح محمد، میڈیا اور خاص طور پر ای ٹی وی بھارت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ 'ریاستی حکومت نے ہمارے مطالبات کو کچھ حد تک پورا کیا ہے۔'
واضح رہے کہ 'یہ تمام پیرا ٹیچرز برسوں میں اپنی خدمات کو انجام دے رہے ہیں لیکن ان کی تنخواہ کافی کم ہے، یہ اساتذہ اپنی ملازمت کو مستقل کرنے کے خواہاں ہیں اور اس کا بھی انہوں نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا ہے۔
فی الحال تنخواہ میں اضافے کے آرڈر کے بعد تمام پیرا ٹیچرز کے چہرے پر خوشی صاف طور پر ظاہر ہو رہی ہے۔