بابولال جاجو نے اس کے لئے وزیراعظم نریندرمودی کوخط لکھ کر یہ درخواست کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ درخت اور جنگلی جانداروں کو بچانے کے لئے راجستھان سے مودی کو ایک لاکھ پوسٹ کارڈ بھیجے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ بکسواہا کے جنگلوں میں 2.16 لاکھ بڑے درخت ہیں، لاکھوں جنگلی جانداروں اورکروڑوں چھوٹے چھوٹے کیڑے مکوڑے رہتے ہیں، اس زمین کو حکومت کے ذریعہ کروڑوں کے لالچ میں ترقی کی نام پر صنعتکاروں کو الاٹ کیا جارہا ہے۔
انہوں نے خط میں بتایا کہ اس جنگل میں لاکھوں جنگلی حیات اور 215875 اہم نسلوں کے درخت ہیں جس میں 40 ہزار درخت ساگوان کے ہیں اور اس کے علاوہ پیپل، برگد، تیندو، جامن، بہیڑااور ارجن جیسے بہت سے ادویات کے درخت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہیروں سے پیسہ کمانے کی لالچ میں لاکھوں بیش قیمتی درختوں کو کاٹنے اور جنگلی حیات کو موت کے گھاٹ اتارکر فطرت کی تباہی کو آمادہ ہورہی ہے جس کی وجہ سے ملک بھر میں جنگلی حیات سے محبت کرنے والوں میں سخت غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
یو این آئی