شہدائے کربلا کی یاد میں ملک بھر میں ماہ محرم کے دوران شیعہ عقائد کے مطابق عَلَم اور تعزیہ کی رسم ادا کی جارہی ہے۔
اسی مناسبت سے پانچ محرم کو راجستھان کے شہر اجمیر میں حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی یاد میں عَلَم کا جلوس نکالا گیا۔
مزید پڑھیں : بابری مسجد کیس: مسلم فریق کے وکیل سے خصوصی بات چیت
امام حسین رضی اللہ عنہ کی یاد میں نکالے گئے جلوس میں شریک عقیدت مندوں نے سبز لباس پہن کر لبیک یا حسین کے نعرے بلند کیے۔
واضح رہے کہ اجمیر کی مشہور درگاہ حضرت خواجہ معین الدین حسن چشتی رحمتہ اللہ علیہ کے احاطہ میں یہ جلوس نکالا گیا۔
عقیدت مند اپنے ہاتھوں میں عَلَم اور لبوں پر لبیک یا حسین کے نعرے بلند کرتے سبز رنگ کے لباس میں ملبوس تھے۔
حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے نواسے حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کی یاد میں عَلَم کے جلوس کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
اس جلوس میں اجمیر اور آس پاس کے عقیدت مندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی، غم زدہ ماحول میں علم کا جلوس چھتری گیٹ امام بارگاہ سے نکالا گیا اور بڑے امام بارگاہ میں مکمل ہوا۔
علم کے جلوس میں سبز، سرخ، سیاہ اور سفید جھنڈے نظر آئے۔ عقیدت مندوں نے اس موقع پر اپنی بازو پر امام ضامن بھی باندھا اور پیروں میں بیڑی بھی پہنی۔
اجمیر میں علم کے جلوس کی رسم کے ساتھ ہی اب مسلم علاقوں میں تعزیوں کی سواری بھی نکالی جائے گی، اور ساتھ ہی کربلا کا ذکر اور بیانات بھی کیے جائیں گے۔
بتادیں کہ یہ سلسلہ پورا عاشورہ تک جاری رہے گا، جس میں عقیدت مند حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور دیگر خانوادئے رسول کی شہادت اور اسلام کے تئیں قربانیوں کو یاد کرئیں گے۔