اتراکھنڈ میں تنظیم امیر اہل شریعت اور مسلم پرسنل لا بورڈ آف انڈیا کے چیئرمین مولانا زاہد رضا رضوی نے اجمیر شریف درگاہ پر حاضری دی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات میں تنظیم امیر اہل شریعت اور مسلم پرسنل لا بورڈ آف انڈیا، اتحاد اور احتیاط کے ساتھ مسلم طبقہ کو ایک پلیٹ فارم پر لانا چاہتی ہے۔
انہوں نے بارگاہ خواجہ غریب نوازؒ میں حاضری دی اور ملک میں مسلمانوں کی ترقی کے لیے دعا کی۔ درگاہ کی زیارت کے بعد انہوں نے بتایا کہ ترقی حاصل کرنے کے لیے مسلمانوں کو زیادہ سے زیادہ تعلیم پر توجہ دینی چاہئے۔
رضوی نے کہا کہ مسلم قوم کو بدعملی، بد اخلاقی اور معاشرتی خرابیوں کا خاتمہ کرتے ہوئے نیک عمل اختیار کرنا چاہئے۔ انہوں نے مسلم تنظیموں، خاص طور پر صوفی خانقاہوں کے درمیان جاری آپسی اختلاف و انتشار کو ختم کرنے اور اتحاد پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں:
Raza Academy Visits Ajmer Dargah: رضا اکیڈمی کی اجمیر شریف میں حاضری، محمدی قانون کا مطالبہ
اسی طرح مولانا رضوی نے تجارت، تعلیم اور تربیت پر بھی ہر مسلمان کو خاص طور پر توجہ دینے کی بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں بہت جلد تمام فرقوں، جماعتوں اور تنظیموں کو ساتھ ملاکر بیداری کانفرنس منعقد کی جائے گی۔