راجستھان کے دارالحکومت جے پور کا نگینہ کاروبار پوری دنیا میں اپنی الگ پہچان رکھتا ہے، باقاعدہ جے پور سے روزانہ پرواز کے ذریعے عالمی سطح پر ان نگینوں کا کاروبار ہوتا ہے۔
مگر جب سے ملک میں کورونا وبا نے دستک دی ہے اس وقت سے یہ کاروبار بُری طرح متاثر ہوا ہے۔ کورونا وبا سے قبل پرواز کے ذریعے کروڑوں روپیے کے نگینے ہر روز بیرون ممالک میں بھیجے جاتے تھے۔ ایسے میں ایک برس سے زیادہ کا عرصہ ہونے کے باوجود عالمی پرواز کو ابھی تک منظوری نہیں دی گئی ہے جس سے ان کاروباریوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
جنرل سکریٹری، راجستھان حج ویلفیئر سوسائٹی حاجی نظام الدین نے بتایا کہ ابھی تک کو ویکسین کو بین الاقوامی منظوری نہیں ملی ہے اس وجہ سے جے پور کے کاروباریوں کو کافی زیادہ نقصان ہو رہا ہے، کیوں کہ جن لوگوں نے کو ویکسین لگائی ہے وہ بیرون ممالک نہیں جا پارہے ہیں۔
اس لئے ہماری تنظیم کی جانب سے وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ جلد سے جلد کو ویکسین کو بین الاقوامی منظوری دی جائے تاکہ کاروباریوں کو راحت مل سکے۔