اجمیر:ریاست راجستھان کے اجمیر میں واقع گورنمنٹ اربن پرائمری ہیلتھ سنٹر میں خاتون ڈاکٹر ازکیہ آفرین کے چارج سنبھالنے کے ساتھ ہی نرسنگ اسٹاف اور خواتین مریضوں اور ان کے لواحقین نے میڈیکل انچارج ڈاکٹر انوج پنگولیا اور انجمن یادگار کمیٹی کا شکریہ ادا کیا۔گورنمنٹ اربن پرائمری ہیلتھ سنٹر میں ایک خاتون ڈاکٹر کا مطالبہ عرصہ دراز سے اٹھ رہا تھا۔
ڈاکٹروں اور خواتین مریضوں کا کہنا ہے کہ سرکاری ہسپتال میں زیادہ تر خواتین مریض آتی ہیں۔خواتین کھل کر مرد ڈاکٹر کو اپنے مسائل نہیں بتا سکتی ہیں جس کی وجہ سے خواتین کا صحیح علاج نہیں ہو پاتا۔
خاتون ڈاکٹر کی تعیناتی سے خواتین اب اپنی بیماری کے بارے میں کھل کر بات کر سکتی ہیں جس کی وجہ سے ان کا علاج آسان ہو جائے گا۔ انجمن یادگاری کمیٹی کے صدر شیخ محمد سبحان چشتی اور کمیٹی کے اراکین نے نو منتخب ڈاکٹر ازکیہ آفرین کی تقرری پر سرکاری ہسپتال پہنچ کر ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر سماجی کارکن حاجی جاوید خان، محمد رئیس خان، انوپم جی، طبیب صدیقی، محمد انور، پنچایت اندر کوٹیان کے ایس ایم اکبر، دکھیوں کا سہارا ویلفیئر سوسائٹی کے صدر عبدالخالق خان سمیت معززین نے مبارکباد پیش کی۔
یہ بھی پڑھیں:Ajmer Dargha اجمیر درگاہ میں کرناٹک کے رکن اسمبلی بی زیڈ ضمیر احمد خان کے لیے خصوصی دعا
انجمن یادگاری کمیٹی نے ڈسٹرکٹ میڈیکل آفیسر ڈاکٹر انوج کمار پنگولیا سے اظہار تشکر کیا۔ انجمن کے صدر شیخ محمد سبحان چشتی نے کہا کہ ڈاکٹر ازکیہ آفرین نے عرس میلے میں 24 گھنٹے مریضوں کا علاج کر کے اپنی خدمات سر انجام دیں۔ علاقے کے مریض خاتون ڈاکٹر ازکیہ آفرین کی خدمات اور علاج سے کافی مطمئن تھے ۔انجمن کمیٹی اور علاقہ مکینوں کی جانب سے اجمیر ڈسٹرکٹ میڈیکل انچارج ڈاکٹر انوج کمار پنگولیا کا شکریہ ادا کیا گیا ۔