اجمیر: عطائے رسول سلطان الہند کی درگاہ اجمیر شریف میں الصبح جنتی دروازہ عقیدت مندوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ حضرت خواجہ معین الدین حسن چشتی رحمۃ اللہ علیہ کے 812ویں عرس مبارک کے موقع پر یہ جنتی دروازہ یکم رجب سے چھ رجب تک کھلا رہے گا۔ جنتی دروازہ کے کھلنے کا انتظار میں رات سے ہی زائرین سردی میں بیٹھے رہے۔
پولیس کے حفاظتی انتظامات کے درمیان درگاہ کے خادموں نے یہ گیٹ کھولا۔ خواجہ صاحب کے مزار اقدس کے مغربی سمت کی جانب یہ جنتی دروازہ واقع ہے۔ خدام خواجہ کے مطابق جنتی دروازے کی بے حد اہمیت ہے۔ اس موقع پر درگاہ میں خصوصی گدی بھی لگائی جاتی ہے، جہاں عرس کی چھ رجب تک خصوصی دعا اور عقیدت مندوں کو چشتیہ سلسلے سے جوڑا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: صندل کی رسم درگاہ کے خدام خواجہ اپنے ہاتھوں سے ادا کریں گے
خواجہ صاحب کی درگاہ میں واقع جنتی دروازہ سال میں چار مرتبہ کھولا جاتا ہے۔ اس میں عید الفطر، عید الضحی، خواجہ غریب نواز کا عرس مبارک اور ان کے پیر و مرشد حضرت خواجہ عثمان ہارونی رحمۃ اللہ علیہ کے عرس مبارک کے موقع پر کھولا جاتا ہے۔ اس جنتی دروازے سے گزر کر عقیدت مند اللہ سے جنتی ہونے کی دعا طلب کرتے ہیں۔