ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور میں بھائی چارگی اور ہم آہنگی کی مثال پیش کرتے ہوئے پولیس نے ایک مسلم جوڑے کا نکاح اپنے خرچ سے کروایا ہے۔
یہ واقعہ دارالحکومت جے پور کے برہم پوری پولیس تھانے علاقے کا ہے جہاں پولیس انچارج بھارت سنگھ کی جانب سے تھانے کے فقیروں کی ڈونگری علاقے کی رہنے والی ناظرین بانو کا نکاح عمل میں آیا۔
دراصل ناظرین کا نکاح تو کورونا وائرس کے بھارت میں دستک دینے سے قبل ہی مکمل ہو جانا تھا، لیکن ناظرین کی مالی حالت بہتر نہ ہونے کی وجہ سے ان کے اہل خانہ نکاح کے فرائض انجام نہیں دے پارہے تھے۔
جب اس بات کی اطلاع برہم پوری پولیس تھانے کے انچارج بھارت سنگھ کو ہوئی تو انہوں نے ناظرین کو اپنی بیٹی بنا کر نکاح کی تمام روایت اپنے خرچ پر مکمل کی اور ناظرین کو بہترین مستقبل کی دعائیں دیتے ہوئے جےپور سے وداع کیا۔
جس طرح سے برہم پوری پولیس تھانے کے انچارج کی جانب سے یہ نایاب مثال پیش کی گئی ہے اس کی آج دارالحکومت جے پور سمیت پورے ریاست راجستھان میں خوب تعریف ہورہی ہے۔
کچھ لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ جس طرح سے برہم پوری پولیس تھانے کے انچارج بھارت سنگھ ہمہ وقت عوام کی مدد کرتے ہیں اس وجہ سے پولیس کا جو کردار ہے وہ عوام کے درمیان خوب سراہا جارہا ہے۔