ریاست راجستھان کے مختلف اضلاع سے اقلیتی لیڈران اور ان کے کارکنان نے اجمیر پہنچ کر عمران پرتاپ گڑھی سے ملاقات کی۔ اسی درمیان حضرت خواجہ غریب نواز کی بارگاہ میں عمران پرتاپ گڑھی نے حاضری دی اور عقیدت کی چادر اور پھول پیش کیے۔ عصر کی نماز کے بعد درگاہ شریف پہنچنے پر ان کی جگہ جگہ گل پوشی سے استقبال کیا گیا۔
قومی کانگریس اقلیتی محکمہ کے صدر بننے کے بعد پہلی مرتبہ عمران پرتاپ گڑھی اجمیر درگاہ میں حاضری دینے پہنچے تھے۔ جہاں موجود حاضرین کی بھیڑ نے انہیں چاروں طرف سے گھیر لیا اور ہر کوئی ان کے ساتھ سیلفی لینے لگا۔ بامشکل درگاہ کے خادموں اور ان کی سکیورٹی میں تعینات پولیس اہلکاروں نے آستانہ تک پہنچایا۔ جہاں انہوں نے روشنی کی رسم چراغاں میں شرکت کی۔
مغرب کی نماز کے بعد واپس لوٹتے وقت بلند دروازہ کے نیچے میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم سماج کے بزرگوں نے کانگریس پارٹی کو اپنے خون پسینے سے مضبوط کیا ہے۔ ایسے میں موجودہ صورتحال میں ناراض مسلمانوں کو راضی کرکے پارٹی کو دوبارہ مضبوط کیا جائے گا۔
وہ اپنا زخم بتائیں گے تو انہیں مرہم لگاکر شفا ضرور ملے گی۔ اقلیتوں کے تمام مسائل پر لڑائی لڑکر کامیابی حاصل کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے حق کی لڑائی میں وہ ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ اس مہم کا آغاز کرنے کے لئے سب سے پہلے خواجہ غریب نواز کی بارگاہ میں حاضری دی ہے اور اس کے بعد ملک بھر میں اس مہم کے تحت کام کیا جائے گا اور کانگریس پارٹی کو مضبوط کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:جے پور: عمران پرتاب گڑھی اجمیر کے لیے روانہ
عمران پرتاپ گڑھی نے صحافیوں کو کہا کہ وہ اس مرتبہ اجمیر سیاستدان بن کر آئے ہیں اور ملک کی سلامتی و ترقی کی دعائیں لائے ہیں۔