ریاست راجستھان کے جے پور کے سوائی مان سنگھ اسپتال میں انجیو پلاسٹی کے بعد جاری علاج کے بعد راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا کہ 'وہ جلد صحتیاب ہو کر عوام کی خدمت شروع کر دیں گے۔'
اشوک گہلوت نے آج اسپتال سے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'سب سے اہم مسئلہ جو تھا وہ خلیوں میں رکاوٹ تھی اب سٹینٹ ڈال دیا گیا ہے۔ کچھ عرصے تک وہ جے پور کے گورنمنٹ سوائی مان سنگھ اسپتال میں ڈاکٹروں کی نگرانی میں رہیں گے۔'
ڈاکٹروں نے چند دن مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔ گہلوت نے کہا، 'آپ کی تمام نیک خواہشات کے ساتھ، میں جلد ہی مکمل صحتیاب ہو جاؤں گا اور پہلے کی طرح آپ کی خدمت کر سکوں گا'۔
وزیراعلی گہلوت نے کہا کہ 'کووڈ ہونے سے پہلے انھیں دل سے متعلق کوئی مسئلہ نہیں تھا۔ ڈاکٹروں کے مطابق یہ کووڈ کے بعد کے غلط اثرات ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اشوک گہلوت کی صحتیابی کےلیے اجمیر درگاہ میں خصوصی دعا
حالانکہ کووڈ سے ٹھیک ہوئے انھیں تین ماہ سے زیادہ ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا،'مجھے دوسری لہر کے آغاز پر کووڈ ہوا تھا، اس وقت آکسیجن اور بیڈ کی کمی سے ہاہاکار مچا ہو اتھا لہٰذا کووڈ پوزیٹو ہوتے ہوئے بھی میں مسلسل رات دن کام کرتا رہا اور ڈاکٹروں کی صلاح کے مطابق ٹھیک طرح سے آرام نہیں کر سکا۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ مجھے کووڈ کے اتنے لمبے عرصے بعد مسئلے ہو رہے ہیں۔
(یو این آئی)