ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور میں اتوار کو ہونے والے احتجاجی مظاہرے کے پیش نظر گرجر طبقے کے لوگ اپنے رہنما کیروڑی سنگھ بینسلا کے گھر جمع ہو رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گرجر طبقے کے ذمہ داروں نے آج دوپہر بارہ بجے سے گڈلا گاؤں میں ایک مہاپنچایت منعقد کی ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ اتوار کو ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اکٹھا کر کے اس تحریک کو کامیاب بنایا جائے۔
وہیں دوسری جانب جے پور انتظامیہ نے گرجر طبقے سے اپیل کی ہے کہ وہ اس تحریک کو منسوخ کر دیں۔
گرجر تحریک سے متعلق رکن اسمبلی جوگیندر سنگھ نے کہا کہ ہر مسئلے کا ازالہ مذاکرات سے کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی وہ گرجر سماج کے لیے بہتر اور اچھا فیصلہ ہی کرے گی۔
گرجر سماج کے لوگ حکومت سے ریزرویشن دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن اب تک ان کے اس مطالبے کو پورا نہیں کیا گیا ہے حالانکہ کانگریس نے انتخابات کے دوران اپنے انتخابی منشور مین گرجر سماج کے مختلف مطالبات کو پورا کرنے کا وعدہ کیا تھا جس میں ریزرویشن بھی شامل ہے۔