راجستھان کے الور ضلع میں مشہور تھانہ غازی اجتماعی آبروریزی معاملے میں عدالت نے آج پانچ ملزمین کو قصوروار قرار دیا۔
درج فہرست ذات و قبائل مظالم کے حل کے معاملوں کے اسپیشل جج برجیش کمار کی عدالت نے یہ فیصلہ سنایا۔عدالت نے اس معاملے کے ملزم اندراج ،چھوٹے لال، ہنس راج اور مکیش گرجر کو قصوروار مانا ہے۔ عدالت نے ملزمین کو ذات سے متعلق الزام سے بری کردیا ہے۔ عدالت آج ہی قصورواروں کو سزا سنائے گی۔
اس معاملے میں سماعت پوری کرنے کے بعد عدالت نے منگل کو فیصلہ سنائے جانے کی تاریخ طے کی تھی۔ اس معاملے میں ان پانچ ملزمین کے علاوہ ایک جوینائل بھی ملزم ہے، جس پر جوئنائل جسٹس بورڈ میں سماعت چل رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
دیوریا: گاؤں کے دبنگوں نے نوجوان کو پیشاب پلایا
واضح رہے کہ 26 اپریل 2019 کو تھانہ غازی کے رہنے والا ایک جوڑا موٹرسائکل پر جارہا تھا کہ پانچ افراد نے ان کا پیچھا کرکے انہیں روک لیا۔ اس کے بعد وہ انہیں زبردستی جنگل میں لے گئے جہاں خاتون کے ساتھ اس کے شوہر کے سامنے اجتماعی آبروریزی کی۔ ملزمین نے اس کا ویڈیو بھی بنایا۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعدمعاملہ سامنے آیا اور دو مئی کو ایف آئی آر درج ہوئی۔