چتور گڑھ: مرکزی جل شکتی وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت کی مشکلات مزید بڑھنے والی ہیں۔ سابق رکن اسمبلی اور راجستھان ہیریٹیج کنزرویشن اتھارٹی کے چیئرمین سریندر سنگھ جاداوت نے سنیچر کی رات دیر گئے شہر کے صدر پولیس اسٹیشن میں رپورٹ درج کرائی ہے۔ اس رپورٹ میں گجیندر سنگھ شیخاوت پر یہ الزام ہے کہ انہوں نے وزیر اعلی اشوک گہلوت کو کسانوں کے قرض کی معافی کے تعلق سے بدنام کیا ہے۔ اس کے تحت ہتک عزت سمیت تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت شکایتیں دی گئی ہیں۔
سابق ایم ایل اے سریندر سنگھ جاداوت نے کہا کہ رپورٹ میں 27 اپریل کو سبھاش نگر میں بی جے پی کے جن آکروش جلسہ عام کا حوالہ دیا گیا ہے۔ اس تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر مرکزی وزیر گجیندر سنگھ نے اپنے خطاب کے دوران رام راج کو عوام کے سامنے لانے کے لیے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت کو راون کہہ کر اکھاڑ پھینکنے کی بات کہی تھی۔ اس جلسہ عام کا تذکرہ کرتے ہوئے سابق ایم ایل اے نے کہا کہ مرکزی وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت کے ذریعہ چیف منسٹر گہلوت پر نازیبا زبان استعمال کی گئی۔ ان کا یہ بیان سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے۔
مزید پڑھیں: گجیندر سنگھ شیخاوت کی رہائش گاہ کے باہر نوٹس چسپاں
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی گاندھیائی لیڈر ہیں۔ وہ تین بار ریاست کا چارج سنبھال چکے ہیں۔ ایسے میں ان کے خلاف کیے گئے اس تبصرہ سے کانگریس کے ہزاروں کارکنوں اور لوگوں کے جذبات کو بھی ٹھیس پہنچی ہے۔ اسٹیشن انچارج ہریندر سنگھ سودا نے بتایا کہ سابق ایم ایل اے جاداوت کی رپورٹ کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ سی آئی ڈی سی بی کیس کی تحقیقات کرے گی، اس معاملے میں کیس کو سی آئی ڈی سی بی کو منتقل کیا جائے گا۔