راجستھان کے وزیراعلی اشوک گہلوت نے کہا ہے کہ کورونا سے ڈریں نہیں،بچاؤ کے طریقے اختیار کریں اور زیادہ تر مریض مناسب دیکھ بھال سے ٹھیک ہوجاتے ہیں۔
گہلوت نے آج سوشل میڈیا کے ذریعہ کہا ہے کہ ماسک پہنیں اور سماجی دوری بنائے رکھیں۔انہوں نے کہا کہ ماہرڈاکٹروں کی کمیٹی نے صلاح دی ہے کہ کورونا سے ڈریں نہیں اور کسی بھی طرح کی بیماری کی حالت میں مناسب علاج کریں۔بیمار ہونے پر اسپتال جائیں۔
انہوں نے کہا کہ راجستھان لوٹنے والے غیر مقیم افراد کو 14 دنوں کےلئے قرنطینہ ہدایات پر عمل کرنا چاہئے۔ریاستی حکومت ہر قدم پر آپ کے ساتھ ہے اور وہ اس وبا سے مقابلہ کرنے کےلئے ہر ممکن قدم اٹھارہی ہے۔
ادھر ماہر ڈاکٹروں کی کمیٹی نے عام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ کورونا سے ڈریں نہیں،احتیاط برتیں اور محفوظ رہیں۔کورونا سے متعلق اعدادو شمار دیکھ کر گھبرائیں نہیں۔ایسے مریضوں کی تعداد نا کے برابر ہے جو بیماری کی نازک حالت میں پہنچتے ہیں۔
زیادہ تر مریض مناسب دیکھ بھال اور احتیاط برتنے سے ٹھیک ہورہے ہیں۔کورونا انفیکشن سے جن کی موت ہوئی ہے ان میں سے کئی پہلے سے ہی دیگر شدید بیماریوں سے متاثر تھے۔وقت پر اسپتال نہیں جانا،بزرگی اور کورونا سے ڈر بھی دیگر وجوہات میں شامل ہیں۔