راجستھان میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی صدر ڈاکٹر ستیش پونیا نے پارٹی میں کسی بھی اختلاف کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی 2023 مشن ہی نہیں بلکہ ریاست پر طویل عرصے تک حکومت کرنے کی حکمت عملی پر کام کر رہی ہے۔
ڈاکٹر پونیا نے یہ بات بدھ کو ریاست کے راجسمند شہر میں بی جے پی کے دو روزہ اجلاس کے اختتام کے بعد میڈیا سے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ’’جس طرح پارٹی کے لیڈر ایک پلیٹ فارم پر بیٹھ کر غور و فکر کرتے ہیں اور میٹنگ منعقد کرتے ہیں، اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ پارٹی کسی داخلی خلفشار کا شکار نہیں ہے۔‘‘ انکے مطابق پارٹی لیڈران کا ایک ساتھ جمع ہونا خود ایک مثبت پیغام ہے کہ ’’پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’کانگریس پارٹی تضاد اور جھگڑے کی شکار ہے اور اس کے لئے ثبوت کی ضرورت نہیں ہے۔‘‘
مزید پڑھیں؛ جے پور: مسلم تنظیموں کے ذمہ داران کی ڈی جی پی سے ملاقات
ڈاکٹر پونیا نے دعویٰ کیا کہ ’’بی جے پی میں کوئی تضاد نہیں ہے، حقیقت اس کے برعکس ہے اور کانگریس کی تنظیم اور اسکا اتحاد ٹوٹ چکا ہے، لیکن بی جے پی شخصیت پر مبنی پارٹی نہیں بلکہ سوچ کی بنیاد پر آگے بڑھنے والی تنظیم ہے۔‘‘