اجمیر: ریاست راجستھان کے اجمیر شہر میں اولیاء مسجد، جو حضرت خواجہ غریب نواز رحمت اللہ علیہ کے درگاہ میں واقع ہے۔ یہ وہ اولیاء مسجد ہے جہاں حضرت خواجہ غریب نواز جب بھارت کی اجمیر تشریف لائے تو سب سے پہلے اسی جگہ پر قیام کیا تھا اور اللہ کی عبادت کی تھی۔ جہاں آج ایک مسجد کی شکل میں یہ اولیاء مسجد کے نام سے پہچانے جاتے ہیں۔ اکثر عقیدت مند یہاں پر دو رکعت نماز شکرانہ بھی ادا کرتے ہیں۔
اجمیر شریف کا وہ تاریخی مقام جہاں حضرت خواجہ غریب نواز رحمت اللہ علیہ نے اپنا پہلا قیام کیا اور اللہ کی عبادت کی، جہاں بڑے بڑے اولیاء اور پیر بزرگوں نے دو رکعت نماز ادا کی ہے۔ وہ مسجد اجمیر درگاہ میں اولیا مسجد کے نام سے اپنی پہچان رکھتی ہے۔ تقریبا ساڑھے نو سو سال قبل ایران کے شہر سنجر سے جب حضرت خواجہ غریب نواز رحمت اللہ علیہ اجمیر شریف پہنچے تو سب سے پہلے اسی جگہ پر قیام کیا اور یہی وہ جگہ تھی جسے دیکھ کر آپ نے اللہ کا شکر ادا کیا تھا۔
درگاہ کے خادموں کے مطابق خواجہ صاحب کو اس علاقہ کی بشارت دی گئی تھی۔ دورے کفریہ میں آپ اپنے ساتھیوں کے ساتھ جب عبادت کر رہے تھے، تب کچھ سپاہیوں نے آپ کو یہ کہتے ہوئے اس جگہ سے زبردستی ہٹا دیا کہ ان کے راجہ کے اونٹ یہاں بیٹھتے ہیں۔ حضرت خواجہ اپنے ساتھیوں کو یہاں سے لے کر یہ کہتے ہوئے چلے گئے کہ اب یہاں تمہارے راجہ کے اونٹ ہی بیٹھیں گے۔
خواجہ کی ایسی کرامت اجاگر ہوئی کی راجہ کے اونٹ جہاں بیٹھے تھے وہیں بیٹھے رہے اور اٹھ نہ سکے، اس کے بعد راجہ نے خود خواجہ صاحب کی بارگاہ میں حاضری دی اور معافی طلب کی۔ اس واقعہ کے بعد تمام بیٹھے ہوئے اونٹ کھڑے ہو گئے اور راجہ نے اسلام قبول کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں:
- راشٹریہ بنکر ایکشن کمیٹی بنارس نے غریب نواز کی درگاہ میں چادر پیش کی
- شاہی عیدگاہ مسجد تنازعہ: مسجد کا معائنہ کرنے کے لئے کمشنر کی تقرری پر سپریم کورٹ نے روک لگائی
اس مقام کی اہمیت کو توجہ دی جانے لگی اور یہ جگہ اولیاء مسجد میں تبدیل ہو گئی۔ اسے نواب کٹیہار نے سنگ مرمر سے تعمیر کروایا اور خوبصورت ڈیزائننگ کروائی۔ ملک بھر سے جب زائرین اجمیر آتے ہیں تو دو رکعت نفل اس اولیاء مسجد میں ادا کرتے ہیں اور اللہ سے خواجہ کے وسیلے سے اپنی مراد طلب کرتے ہیں۔