جے پور: راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے جمعہ کو اسمبلی میں اعلان کیا کہ سیکر، بانسواڑہ اور پالی کو نئے ڈویژن اور 19 نئے اضلاع بنائے جائیں گے، جس میں 500 سے زیادہ آبادی والے گاوؤں کو ڈامر سڑک سے جوڑنا، 500 نئے ذیلی صحت مرکز کھولنا، سینکڑوں اسکولز کو کھولنا، اپ گریڈ کرنا شامل ہے۔ گہلوت نے راجستھان اختصاص (نمبر-2) بل 2023 اور راجستھان فنانس بل 2023 پر بحث کے بعد اپنے جواب میں یہ اعلان کیا۔ انہوں نے جے پور ضلع میں چار نئے اضلاع جے پور نارتھ، جے پور ساؤتھ، دودو اور کوٹ پٹلی بہروڑ بنانے کا اعلان کیا۔
اسی طرح تین اضلاع جودھپور ایسٹ اور جودھ پور ویسٹ اور فلودی ضلع جودھپور، سری گنگا نگر ضلع میں انوپ گڑھ کو، ضلع باڑمیر میں بلوترا کو، اجمیر ضلع میں بیاور اور کیکڑی، ضلع بھرت پور میں ڈیگ، ناگور ضلع میں ڈیڈوانا-کچامن، سوائی مادھوپور میں گنگاپور سٹی، ضلع الور میں کھیرتھل، سیکر ضلع میں نیم کا تھانہ، ادے پور ضلع میں سالمبر، جالور ضلع میں سانچور اور بھیلواڑہ ضلع کے شاہ پورہ کو نئے اضلاع بنانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ راجستھان جغرافیائی لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی ریاست ہونے کی وجہ سے ہمارے کئی ایسے اضلاع ہیں جہاں ضلع ہیڈکوارٹر کے دور دراز کونے سے فاصلہ 100 کلومیٹر سے زیادہ ہے جس کی وجہ سے عام آدمی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
- یہ بھی پڑھیں: Rajasthan Cabinet راجستھان کی معاشی، سماجی اور تعلیمی ترقی کے لیے پینتیس تجاویز پرکابینہ کی منظوری
انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ کئی اضلاع کی آبادی زیادہ ہونے کی وجہ سے انتظامیہ کے لیے ہر خاندان تک پہنچنا مشکل ہو جاتا ہے۔ ضلع چھوٹا ہونے سے انتظامیہ، نظم و نسق اور امن و امان پر نگرانی/کنٹرول آسان اور ہموار ہو جاتا ہے۔ ملک کی مختلف ریاستیں نئے اضلاع بنانے میں ہم سے آگے رہی ہیں۔ وہاں اضلاع کی تعداد دوگنی یا تین گنا ہو گئی ہے۔ حال ہی میں مغربی بنگال، جغرافیائی طور پر ہم سے چھوٹی ریاست نے بھی سات نئے اضلاع کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اسی وجہ سے ریاست میں کئی جگہوں سے نئے اضلاع بنانے کے مطالبات موصول ہوئے ہیں۔ ہم نے ان تجاویز کے تفصیلی مطالعہ کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی تھی جس کی عبوری رپورٹ موصول ہو چکی ہے۔ اس سلسلے میں موصول ہونے والی تمام تجاویز اور ریاست کی موجودہ انتظامی اکائیوں کے ڈھانچے کے تفصیلی مطالعہ اور بحث کے بعد میں ریاست میں نئے اضلاع کی تشکیل کا اعلان کرتا ہوں۔
یو این آئی