چنڈی گڑھ: شرومنی اکالی دل (ایس اے ڈی) کے صدر سکھبیر سنگھ بادل نے بی بی جاگیر کور کی پارٹی میں امیدواری کی حمایت کرنے والے شرومنی گرودوارہ پربندھک کمیٹی (ایس جی پی سی) کے دو ارکان کی واپسی کا خیرمقدم کیا ہے۔ ایس جی پی سی ارکان ہرپال سنگھ جلہ (پائل) اور امرک سنگھ جنیت پور (امبالہ) کا آج یہاں پارٹی میں خیرمقدم کرتے ہوئے بادل نے کہا کہ بی بی جاگیر کور کی حمایت کرنے والے 10 سے 15 ایس جی پی سی ارکان آنے والے دنوں میں دوبارہ ایس اے ڈی میں شامل ہوں گے۔ انہوں نے پچھلے کچھ برسوں میں پارٹی چھوڑ کر گئے ان تمام لیڈروں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ "اگر کہیں بھی میری غلطی ہو تو میں اس کے لیے معذرت خواہ ہوں، لیکن ہم سب کو متحد ہو کر ان قوتوں کو شکست دینی ہو گی جو پنتھ کو کمزور کر رہی ہیں۔"
دوسری طرف بادل کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ایس جی پی سی کے دونوں اراکین نے ایمانداری سے کام کرنے اور پارٹی کو ہر سطح پر مضبوط کرنے کا یقین دلایا۔ اس ہفتے کے شروع میں ایک اور ایس جی پی سی ممبر ہرپریت سنگھ گرچا نے اپنے والد اور سابق وزیر جگدیش سنگھ گرچا کے ساتھ پارٹی میں دوبارہ شمولیت اختیار کی تھی۔ بادل نے کہا کہ ایس جی پی سی ممبران نے محسوس کیا کہ بی بی جاگیر کور سکھ برادری کو تقسیم کرنے والی مبینہ طاقت کا حصہ تھیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام اراکین نے ان پنتھ دشمن قوتوں کے خلاف متحد ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Jalandhar Lok Sabha bypoll سابق کانگریس ایم ایل اے سشیل کمار رنکو عآپ میں شامل
یو این آئی