جالندھر: سرحدی سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) اور پنجاب پولیس نے مشترکہ تلاشی مہم میں فاضلکا سرحدی گاؤں چک کھیوا سے 2 کلو 500 گرام ہیروئن برآمد کرکے دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔ بی ایس ایف کے تعلقات عامہ کے افسر نے جمعہ کو بتایا کہ جمعرات کو بی ایس ایف کو موصول ہونے والی ایک خاص اطلاع کی بنیاد پر بی ایس ایف اور سی آئی جلال آباد (پنجاب پولیس) نے چک کھیوا گاؤں کے کچھ گھروں میں مشترکہ تلاشی مہم چلائی۔ انہوں نے بتایا کہ تلاشی کے دوران دو مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا اور ان میں سے ایک کے انکشاف کی بنیاد پر ایک شخص کے گھر سے 2.5 کلو گرام ہیروئن کے تین پیکٹ برآمد ہوئے۔
اہلکار کا کہنا تھا کہ ہیروئن کی کھیپ ممکنہ طور پر چند روز قبل ڈرون کے ذریعے گرائی گئی تھی اور اسے گھر کے اندر چھپایا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔ وہیں گزشتہ روز جموں و کشمیر پولیس نے پنجاب کے دو اسمگلروں کو 22 کلو ہیروئن کے ساتھ گرفتار کیا۔ دونوں ملزمان پنجاب کے گرداس پور کے رہائشی ہیں۔ ان کی شناخت اونکار سنگھ ساکنہ تلمنڈی ویرک اور شمشیر سنگھ کے طور پر ہوئی ہے۔ جموں- راجوری قومی شاہراہ پر سندر بنی علاقے میں آئی ٹی آئی کے قریب ایک ناکے پر انہیں پکڑا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: Heroine Seized راجوری میں 22 کلوگرام ہیروئن ضبط، دو اسمگلر گرفتار
یو این آئی