جالندھر: سرحد پار سے ڈرون کے ذریعے ہتھیاروں اور ہیروئن کی اسمگلنگ کے واقعات میں اچانک اضافہ ہو گیا ہے۔ بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے جوانوں نے پنجاب کے امرتسر کے سرحدی گاؤں بچھونڈ کے کھیتوں میں پاکستانی ڈرون سے گرائی گئی 3 کلو 200 گرام ہیروئن برآمد کی ہے۔ بی ایس ایف کے تعلقات عامہ کے افسر نے ہفتہ کو بتایا کہ علی الصبح 3:21 بجے سرحد پر تعینات بارڈر سکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے ملاکوٹ، ضلع امرتسر کے قریب کے علاقے میں پاکستان سے بھارتی علاقے میں ایک ڈرون کے داخل ہونے کی آواز سنی۔ انہوں نے کہا کہ طے شدہ مشق کے مطابق فوجیوں نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے دراندازی کرنے والے ڈرون پر فائرنگ کی۔
اہلکار نے بتایا کہ بعد میں سرحد کے آس پاس میں تعینات فوجیوں نے گاؤں بچھونڈ، ضلع امرتسر کے گندم کے کھیتوں میں ڈرون اور کچھ گرنے کی آواز بھی سنی۔ علاقے کی ابتدائی تلاشی کے دوران بی ایس ایف اہلکاروں نے گندم کے کھیتوں سے ایک بڑا بیگ برآمد کیا جس میں نشہ آور ہیروئن کے تین پیکٹ (وزن 3.2 کلوگرام) برآمد ہوا۔ کھیپ کے ساتھ ایک لوہے کی انگوٹھی اور ایک چمکدار پٹی بھی ملی۔ علاقے کی تلاش اب بھی جاری ہے تاکہ ڈرون کہیں کچھ اور گرایا ہو تو اسے بھی برآمد کیا جا سکے۔ واضح رہے کہ 28 مارچ کو بی ایس ایف اہلکاروں نے امرتسر میں اٹاری بین الاقوامی سرحد پر پاکستانی ڈرون کی نقل و حرکت کو دیکھا۔ اس کے علاوہ پنجاب کے ابوہر، جلال آباد سیکٹر میں جوانوں نے اسلحہ، گولہ بارود اور ہیروئن برآمد کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: Pakistani Drone In Amritsar امرتسر میں بی ایس ایف نے پاکستانی ڈرون کو مار گرایا