’’رواں برس جنوری میں ہوئی بھاری برف باری کے بعد بادام کے درختوں کو جنگلی جانور نقصان پہنچا رہے ہیں۔‘‘ ان باتوں کا اظہار ضلع پلوامہ کے کسانوں نے ای ٹی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔
کسانوں کا کہنا ہے کہ ضلع پلوامہ کے متعدد کسان بادام کی صنعت سے وابستہ ہیں۔ تاہم ان کے مطابق اس صنعت سے وابستہ کسان اور تاجروں کو نقصان سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’’پہلے شدید برفباری اور اب جنگلی جانوروں کے سبب بادام کے درختوں کو نقصان ہو رہا ہے، جس سے کسان انتہائی پریشان ہے۔‘‘
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کسانوں نے کہا کہ ’’رات کے وقت جنگلی جانور بادام کے درختوں کی چھال نوچ ڈالتے ہیں، جس سے چند دنوں میں ہی درخت سوکھ جاتا ہے۔‘‘
اس ضمن میں کسانوں نے محکمہ وائلڈ لائف کے عہدیداران سے معاملہ کے تئیں سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بادام کے باغات میں جنگلی جانوروں کو پکڑنے کے لیے جال بچھانے کی گزارش کی۔
مزید پڑھیں؛ غیرملکی سفارتکاروں کی پولیس و آرمی سے ملاقات
کسانوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’’ضلع کے سینکڑوں کسان بادام کی صنعت سے وابستہ ہیں۔ تاہم اگر ان معاملات کے تئیں سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا گیا تو بادام کی صنعت ضلع پلوامہ میں پوری طرح ختم ہو جائے گی۔‘‘
اس ضمن میں محکمہء باغبانی کے چیف ہارٹیکلچر آفیسر نے فون پر بتایا کہ وہ جلد ہی بادام کے باغات کا دورہ کر کے نقصان کا جائزہ لیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ ضلع پلوامہ میں تقریباً تین ہزار پانچ سو ہیکٹیر اراضی پر بادام کی کاشت کی جا رہی ہے۔