جموں و کشمیر کے سب ضلع ترال میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے اور اس بیماری سے مرنے والوں کی تعداد تین تک پہنچ گئی اور فی الوقت تقریباً تین سو سے زائد افراد مثبت آنے کے بعد ہوم آئیسولیشن میں رکھے گئے ہیں۔
پولیس اسٹیشن ترال میں عوام کو کورونا سے آگاہ کرنے اور حکومت کی طرف سے 84 گھنٹے کا لاک ڈاؤن کامیاب کرنے کے لیے آج پولیس نے ائمہ کرام، ٹریڈرس اور سیول سوسائٹی کے ساتھ میٹنگ کی۔
اس دوران تمام لوگوں سے انتظامیہ نے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے حلقے میں لوگوں کو اس بیماری کی تباہ کاریوں سے آگاہ کریں اور لاک ڈاؤن کو کامیاب بنانے کے لیے انتظامیہ کو تعاون فراہم کریں۔
اس موقع پر، تحصیلدار ترال سجاد احمد بھی موجود تھے۔ بعد ازاں میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے ایس ڈی پی او، ترال ڈاکٹر اعجاز ملک نے بتایا کہ ترال میں لاک ڈاؤن کو کامیاب بنانے کے لیے انھوں نے آج ائمہ کرام، اور سیول سوسائٹی کو یہاں بلایا تھا تاکہ آج شام سے شروع ہونے والے لاک ڈاؤن کو کامیاب بنایا جا سکے اور لوگوں کے اندر کورونا کی تباہ کاری کے حوالے سے جانکاری دی جائے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ رہنما خطوط کی پاسداری کریں تاکہ کورونا کی زنجیر کو توڑا جا سکے۔