انتظامیہ کے بلند بانگ دعوؤں کے باوجود بھی جنوبی کشمیر کے سب ڈسٹرکٹ ترال میں سڑکوں کی ناگفتہ بیہ حالات سے عوام کو زبردست مشکلات درپیش ہیں۔
انتظامیہ کی غفلت شعاری کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ترال ستورہ روڈ پر تجدید ومرمت کاری آج سے چار برس قبل شروع کی گی لیکن اب تک یہ سڑک پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ پائی۔ سب ضلع ترال کی ایک وسیع آبادی کا اس سڑک پر انحصار ہے لیکن انتظامیہ کی بے حسی ہے کہ اس اہم سڑک پر چار برس میں ڈرین نہیں بن پائی۔
مقامی لوگوں نے الزام لگایا کہ اس سڑک کی تجدید ومرمت کے دوران اقرباء پروری سے کام لیا گیا ہے۔ کئی مقامات پر غریبوں کی زمین سڑک کے لئے مختص کی گئی اور کئی مقامات پر زمین کو چھوڑ دیا گیا۔
ایک مقامی شہری نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ لرگام جو کہ ایک اہم اسٹیشن ہے، پر پی ایچ ای محکمے نے سڑک کے ایک کنارے پائپوں کو رکھا ہوا ہے جو انکی سمجھ سےبالاتر ہے اور آر اینڈ بی محکمہ اس وقت میکڈم بچھانے کی کوششوں میں لگا ہے جبکہ ڈرینیج نہ ہونے سے اس سڑک پر میکڈم بچھانا فضول مشق کے سوا کچھ نہیں ہے۔