پلوامہ (جموں و کشمیر) : جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں اونتی پورہ کے پنزگام علاقے میں منگل کی صبح چلتی ٹرین کی زد میں آکر ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔ سرکاری ذرائع نے حادثہ کی تصدیق کرتے ہوئے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ زخمی ہونے والے شہری کی شناخت شکیل احمد ڈار ولد محمد یوسف ساکنہ نیاینہ، بٹ پورہ، پلوامہ کے طور پر ہوئی ہے جسے پنزگام ریلوے اسٹیشن کے قریب ٹرین نے ٹکر مار دی۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ زخمی ہونے والے شخص کو شدید چوٹیں آئی ہیں اور اسے علاج و معالجہ کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ادھر اس حوالے سے سماجی ویب سائٹس پر ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی ہے جس میں اس زخمی شخص کو خون میں لت پت دیکھا جا سکتا ہے اور ایک مقامی شخص مدد کے لیے پکار رہا ہے۔ اونتی پورہ پولیس نے بتایا کہ واقعے کا نوٹس لے لیا گیا اور ہے اور پولیس نے کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔ ادھر، یہ خبریں بھی موصول ہو رہی ہے کہ زخمی ہونے والا شہری دماغی طور پوری طرح ٹھیک نہیں ہے۔
قابل ذکر ہے کہ منگل کی صبح جموں و کشمیر میں متعدد سڑک حادثات رونما ہوئے جن میں درجن کے قریب افراد ہلاک جبکہ درجنوں شدید زخمی ہو گئے۔ صوبہ جموں میں جھجر کوٹلی کے قریب منگل کی صبح سرینگر جموں شاہراہ پر ایک سڑک حادثے پیش آیا جس میں ریاست پنجاب سے کٹرہ، جموں جا رہی ایک مسافر برداد بس گہری کھائی میں جا گری جس میں دس افراد ہلاک جبکہ 55شدید زخمی ہو گئے۔ ادھر، ایک اور واقعہ میں وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں تیز رفتار ٹپر نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں موٹر سوائیکل سوار کی موت واقع ہو گئی۔
مزید پڑھیں: Train Accident in Shahdol: ایم پی میں مال گاڑی حادثے کا شکار، ایک لوکو پائلٹ ہلاک