جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ کے مختلف علاقوں میں پولیس، شدید برفباری کے دوران لوگوں کی مدد کرنے میں مصروف ہے۔
پولیس اہلکار سڑکوں پر پھنسے مسافروں کی مدد کرنے کے ساتھ ساتھ گھروں میں موجود بیمار افراد کو برف سے باہر نکال کر ہسپتال پہنچا رہے ہیں۔
اونتی پورہ پولیس کے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ پولیس نے لیتھ پورہ، کھریو اور ترال میں موسم کی خرابی کی وجہ سے سڑکوں پر پھنسے ہوئے لوگوں کی مدد کی اور انہیں وہاں سے باہر نکالا۔
ایک اعلیٰ پولیس افسر نے نمائندے کے ساتھ بات کرتے ہوئے بتایا کہ 'سڑکوں پر پھسلن پیدا ہو نے کی وجہ سے سڑکوں پر پھنس جانے والی درجنوں گاڑیوں، سرینگر ۔ جموں شاہراہ اور اندورونی سڑکوں پر پھنسی گاڑیوں اور ڈرائیورز کو نکالنے کے لیے مدد فراہم کی گئی۔'
انہوں نے بتایا کہ 'خصوصی طور پر سرینگر ۔ جموں شاہراہ کے مختلف مقامات پر پولیس کی خصوصی امدادی ٹیمز تعینات کی گئی ہیں تاکہ لوگوں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔'
اس دوران پولیس نے اونتی پورہ سے تعلق رکھنے والی ایک حاملہ خاتون کو پولیس محکمے کی گاڑی میں ایس ڈی ایچ پانپور منتقل کیا گیا جبکہ اسی طرح کی ایک اور کارروائی میں ڈاڈسرہ سے ترال ایس ڈی ایچ ایک اور خاتون کو پولیس کی گاڑی میں ترال ہسپتال منتقل کیا گیا۔
وہیں اونتی پورہ پولیس نے ہیلپ لائن نمبرات بھی عوام کے ساتھ شیئر کئے ہیں تاکہ ضرورت مند افراد کسی بھی وقت امداد کے لئے رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔
ان نمبرات میں وہاٹس ایپ نمبر 7051404001کے علاوہ فیس بک پیج اونتی پورہ پولیس پر بھی لوگ رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔
پولیس نے جو ہیلپ لائن نمبرات عوام کے ساتھ شیئر کئے ہیں، ان میں ایس ایس پی اونتی پورہ 9419052327، ایس ایچ او اونتی پورہ 9906805740، ایس ایچ او پانپور 9419005705، ایس ایچ او ترال 9797707003، پی سی آر اونتی پورہ 01933247369 وغیرہ قابل ذکر ہیں۔
خیال رہے کہ جنوبی کشمیر میں گزشتہ رات پھر ایک بار شدید برفباری ہوئی ہے جس کے نتیجے میں یہاں بیشتر رابطہ سڑکیں بند ہوئی ہیں جبکہ سڑکوں پر سخت پھسلن پیدا ہوئی ہے۔