ضلع پلوامہ کے ترال میں واقع ووپر محلہ کی آبادی کو ان دنوں پینے کے پانی کی قلت ہے۔ آج علاقے کے مرد و زن گھروں سے باہر آئے اور خالی برتن ہاتھوں میں لے کر محکمہ جل شکتی کے خلاف خاموش احتجاج کیا۔
لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ اس علاقے میں پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ مقامی لوگوں کے مطابق ساٹھ گھرانوں پر مشتمل یہ آبادی پینے کے پانی سے محروم ہے جس کی وجہ سے ان کے شب و روز شدت سے متاثر ہو رہے ہیں۔
ایک احتجاجی خاتون نے جذباتی انداز میں سوال پوچھا کہ آخر کار ان کو کن گناہوں کی سزا دی جا رہی ہے؟ انہوں نے کہا کہ ہمیں پانی فراہم نہیں کیا جا رہا ہے۔ اگر ایسے میں کہیں آگ لگ جاتی ہے پوری بستی خاکستر ہو جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ترال: مندورہ کی آبادی محکمہ اریگیشن سے نالاں
ایک شہری نے بتایا کہ اس بستی میں جانور کے لیے پانی کا انتظام نہیں ہے، انسانوں کی بات ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس تعلق سے متعلقہ حکام کو آگاہ کیا گیا ہے۔
عوام نے ڈپٹی کمشنر پلوامہ ڈاکٹر راگھو لنگر سے اس بارے میں فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔