جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے کاکاپورہ علاقے سے تعلق رکھنے والے تین نوجوانوں کو اپریل 2021 میں ’’انکا=نٹر کے دوران حفاظتی اہلکاروں پر پتھراؤ کرنے‘‘ کے الزام میں پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت جموں کے کوٹ بلوال جیل منتقل کر دیا گیا۔
پی ایس اے عائد کیے گئے نوجوانوں کی شناخت سمیر مشتاق لون ولد مشتاق احمد لون، مدثر احمد لون ولد نور محمد لون اور سمیر احمد لون ولد بشیر احمد لون کے طور پر ہوئی ہے۔ یہ تینوں نوجوان ضلع پلوامہ کے کاکا پورہ علاقہ سے تعلق رکھتے ہیں۔
تینوں نوجوان پہلے ہی پولیس کی حراست میں تھے اور ’’پتھراؤ میں ملوث ہونے کی تصدیق‘‘ کے بعد ان پر پی ایس اے کا اطلاق کیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ رواں برس 02 اپریل کو کاکا پورہ، پلوامہ میں عسکری تنظیم البدر کے تین عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا تھا، فائرنگ کے بعد علاقے میں پتھراؤ کا واقعہ پیش آیا جس میں چند شہری بھی زخمی ہوئے تھے جس کے بعد متعدد نوجوانوں کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔
پولیس بیان کے مطابق پتھرائو کے واقعے میں ملوث تینوں افراد کی ویڈیو فوٹیچ میں نشاندہی کے بعد ہی ان پر پی ایس اے عائد کیا گیا ہے۔ پولیس نے کہا ہے کہ اس طرح کے واقعات ہرگز برداشت نہیں کیے جائیں گے اور والدین کو چاہئے کہ وہ اپنے بچوں کو اس طرح کے کاموں سے دور رکھیں۔