جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں کے گابرپورہ علاقے سے تعلق رکھنے والے کسان سینچائی کا معقول انتظام نہ ہونے کے سبب بے حد پریشان ہیں۔
کسانوں نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ کئی برس قبل پلوامہ - شوپیاں سڑک کی تعمیر و مرمت کے دوران سڑک سے گزرنے والے نالے کو نقصان پہنچا تھا جس کی مرمت کئی برس گزرنے کے باوجود انجام نہیں دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ سینکڑوں کنال زرعی اراضی کو سیراب کرنے والے نالے کو سڑک کی تعمیر کے دوران نقصان پہنچا، جسے بارہا انتظامیہ کی نوٹس میں لائے جانے کے باوجود اس کی مرمت کے لیے ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کسانوں نے کہا کہ گرمی بڑھنے کے ساتھ ہی فصلوں اور میوہ باغات کو زیادہ سینچائی کی ضرورت پڑتی ہے تاہم محکمہ زراعت و باغبانی سمیت ضلع انتظامیہ کی جانب سے کسانوں کے لیے کئی اسکیموں کو متعارف کرنے کے بلند و بانگ دعوے کیے جاتے ہیں تاہم زمینی سطح پر ان کے دعوے کھوکھلے ثابت ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں؛ پلوامہ: ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانہ عائد، کیمسٹ دکان سربمہر
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس ضمن میں کسانوں نے سنہ 2017 میں اس وقت کے ڈی سی پلوامہ کو بھی کسانوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا تاہم ان کے مطابق آج تک زمینی سطح پر ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔
گابرپورہ کے کسانوں نے ضلع انتظامیہ سمیت متعلقہ محکموں سے سینچائی کا معقول انتظام کیے جانے کی گزارش کی ہے۔