جموں و کشمیر میں ضلع پلوامہ کے موہن وجے گنائی محلہ کے لوگوں نے محکمہ بجلی کے خلاف برہمی کا اظہار کیا۔
علاقے کے لوگوں کے مطابق اگرچہ وہ 2006 سے رہائش پذیر ہیں تاہم ان کے علاقے میں ابھی تک بجلی کا انتظام نہیں کیا گیا ہے۔
علاقے میں بجلی کے کھمبوں کا کہیں بھی نام و نشان نہیں ہے۔ وہیں بجلی کے تار مختلف قسم کے درختوں سے لٹکے ہوئے ہیں۔ جس کی وجہ سے اس آبادی کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
یہ محلہ ستارہ کمبو پر آباد ہے۔ انہیں تقریبا ایک کلو میٹر کی مضافات سے بجلی فراہم کی جاتی ہے۔ تار اور بجلی کے کھمبے صحیح نہ ہونے کی وجہ سے اس محلہ میں رہائش پذیر آبادی کو معقول بجلی فراہم نہیں ہو پاتی ہے۔ ان کے مطابق اگرچہ وہ ماہانہ باقاعدگی سے فیس ادا کرتے ہیں لیکن پھر بھی محکمہ انہیں معقول بجلی فراہم کرنے میں ناکام ہے۔
اس حوالے سے مقامی شخص علی محمد نے کہا کہ ہمارے علاقے میں ایسے مریض ہیں جنہیں آکسیجن دینا پڑتا ہے تاہم مقعول بجلی نہ ہونے کے سبب ہم انہیں نہیں دے پاتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ بجلی سے چلنے وایے روز مرہ کی چیزیں بھی ہم استعمال نہیں کرپاتے۔ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ ان کے علاقے میں ایک ٹرانسفارمر کے ساتھ ساتھ تار اور بجلی کے کھمبے بھی نصب کروائے تاکہ ان کا مسئلہ حل ہو۔
کچھ مقامی خواتین نے بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم بجلی کا بل باقاعدگی سے ادا کرتے ہیں تو محکمہ ہمیں بجلی فرہم کرنے میں ناکام کیوں رہتا ہے؟ انہوں نے بھی انتظامیہ سے اپیل کی ان کے علاقے میں ایک ٹرانسفارمر نصب کروایا جائے تاکہ ان کا مسئلہ حل ہو۔
اس حوالے سے جب ہم نے ایگز یکیوٹیو انجینیئر پی ڈی ڈی پلوامہ نذیر احمد ملک سے فون پر رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ بیک ٹو ولیج پروگرام میں اس علاقے کے لئے ایک ٹرانسفارمر رکھا گیا ہے وہ نصب ہو جانے کے بعد محکمہ دوسرا ٹرانسفارمر اور بجلی کے کھمبے بھی نصب کروائے گا۔