پلوامہ: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں پارٹی کارکنان کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں حلقہ راجپورہ کے تقریباً سبھی پارٹی کارکنان نے شرکت کی۔ خصوصی میٹنگ کے دوران اتفاق رائے سے محمد لطیف کو حلقہ راجپورہ کا صدر منتخب کیا گیا۔ اس موقع پر پارٹی کے موقف اور بنیادی اصولوں کے بارے میں گفتگو کی گئی، جبکہ پارٹی کو زمینی سطح پر مظبوط بنائے جانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
قبل ازیں، عبد الرشید میر کو پارٹی اور حلقہ پلوامہ کے کارکنان کی جانب سے حلقہ پلوامہ کا صدر منتخب کیا گیا وہیں اب پی ڈی پی، دیگر حلقوں کے لئے بھی انتخابات منعقد کرنے جا رہی ہے، جہاں سے مزید حلقہ صدور کو چناجائے گا۔ اس موقع پر نو منتخب حلقہ صدر، راجپورہ، محمد لطیف نے کہا: ’’میں گزشتہ کئی برسوں سے پی ڈی پی کے ساتھ منسلک ہوں اور میں نے عوام کے کام آنے کی ہر وقت کوشش کی ہے۔‘‘
میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا: ’’مجھے ذمہ داری سونپی گئی ہے اور میں کوشش کروں گا کہ میں اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھا سکوں۔‘‘ ادھر، پی ڈی پی کے ضلع صدر سید عبدالباری نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’پی ڈی پی میں جمہوریت زمینی سطح پر بھی عملائی جا رہی ہے جس کی مثال ہم نے پلوامہ ضلع کے راجپورہ حلقہ میں بھی قائم کی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی پی، عوام کے لئے زمینی سطح پر مظبوطی سے کام کر رہی ہے اور ہم پہلے سے زیادہ مظبوط بن چکے ہیں۔
مزید پڑھیں: PDP Convention in Pulwama ’انتخابات میں دیری کشمیریوں کے ساتھ صریح نا انصافی‘
قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر میں رواں ماہ پنچایتی و بلدیاتی انتخابات کا اعلان متوقع ہے اور آئندہ ماہ الیکشن ہونے کی امید ہے۔ انتخابات سے قبل جموں و کشمیر کی سیاسی جماعتوں کی جانب سے سیاسی سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ سیاسی جماعتوں کی جانب سے پارٹی قیادت میں تبدیلیاں اور ووٹرز کو لبھانے کے لیے ریلیوں اور جلسوں کا سلسلہ بھی تیز ہو گیا ہے۔