پلوامہ(جموں کشمیر) : قالین بافی، پیپر ماشی کے ساتھ ساتھ پشمینہ شال بنائی کشمیر کی قدیم ترین دستکاری صنعتوں میں سے ایک ہے۔ گزشتہ برسوں کے دوران کم آمدن اور مارکیٹنگ نہ ہونے کے باعث دستکار پشمینہ شال بنائی کو ترک کرکے دیگر شعبہ جات کی جانب منسلک ہو رہے تھے تاہم حکومت کی مسلسل کوششوں خاص کر ٹریننگ کے علاوہ کم شرح سود والے قرضے فراہم کرنے سے دستکار دوبارہ پشمینہ شال بنائی کی جانب راغب ہو رہے ہیں۔ حکومتی کوششوں کے سبب خواتین بھی پشمینہ شال بنائی میں دلچسپی دکھا رہی ہیں۔
جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ سے تعلق رکھنے والے دستکاروں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے مالی معاونت کے سبب پشمینہ دستکاری کو فروغ مل رہا ہے۔ دستکاروں کو پشمینہ لوم شروع کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے مختلف مراعات دی جا رہی ہیں۔ جن میں ٹریننگ کے علاوہ کریڈٹ اسکیم بھی سرفہرست ہے۔ جس سے استفادہ حاصل کرکے دستکار خود کے یونٹس قائم کر رہے ہیں۔
ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر، محمد یاسین، کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو خود روزگار فراہم کرنے کے وسائل کے تئیں حکومت کافی سنجیدہ ہے اور اور نوجوانوں کو خودکفیل بنانے کے لئے انہیں کو ٹریننگ کے علاوہ لون بھی فراہم کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے ضلع کے متعدد پڑھے لکھے بے روزگار نوجوان چھوٹے صنعتی یونٹس قائم کرکے نہ صرف خود معاشی طور مستحکم ہو رہے ہیں بلکہ دیگر نوجوانوں کو بھی روزگار فراہم کر رہے ہیں۔ محمد یاسین کا کہنا ہے حکومتی اقدام سے نہ صرف نوجوانوں کو روزگار فراہم ہو رہا ہے بلکہ کشمیر کی قدیم صنعت کو بھی تحفظ فراہم ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا مستقبل میں بھی محکمہ نوجوانوں کو تربیت فراہم کا مشن جاری رکھے گا۔
مزید پڑھیں: Pashmina Shawl پشمینہ کی جانچ اور تصدیق کیلئے اب جدید آلات دستیاب
حکومتی امداد سے صنعتی یونٹ قائم کرنے والی پلوامہ ضلع سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کا کہنا ہے کہ انہوں نے صنعتی یونٹ قائم کرکے اپنی مالی حالت مستحکم بنائی ہے اور اس صنعتی یونٹ کے ذریعے متعدد خواتین کو بھی روزگار فراہم ہوا ہے۔ معقول ٹریننگ، مارکیٹنگ اور دو لاکھ روپے کا قرضہ فراہم کیے جانے سے مقامی نوجوان خاص کر خواتین پشمینہ شال لوم شروع کرکے خود روزگار کی اہل بن رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: Modern Charkha to Revive Pashmina Spinning نیا چرخہ بن رہا ہے آمدنی اور پشمینہ پیداوار کا بہتر ذریعہ