جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں واقع نئی بگ کے رہنے والے وارث بٹ جن کے متعلق یہ قیاس آرائی کی جا رہی ہے کہ وہ عسکریت پسندوں کے ساتھ شامل ہوئے ہیں، کے والدین نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو ڈالا ہے۔ جس میں اس کی ماں روتے بلکتے اپنے بچے کو واپس آنے کی التجا کر رہی ہے۔
اڑتیس سیکنڈ کے اس ویڈیو میں وارث کی ماں کہتی ہے کہ اس کا بیٹا جوتا خریدنے کے لیے چلا گیا تھا اور جب وہ شام کو واپس نہیں آیا تو انھوں نے اس کو فون کیا لیکن اس کا فون سویچ آف تھا۔ تب سے اب تک وہ مسلسل بند آ رہا ہے اور میں ان لوگوں سے اپیل کرتی ہوں کہ ہمارے گھر میں حالات بہت خراب ہیں۔ میں عارضہ قلب میں مبتلا ہوں اس لیے میرا بیٹا جن کے پاس بھی ہے براے مہربانی اسے واپس بھیج دیا جائے۔