جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے 15سے 22ڈسمبر تک منشیات مخالف ہفتہ منایا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں کئی مقامات پر عوام خصوصا نوجوانوں میں بیداری پیدا کرنے کی غرض سے سیمنار اور ریلیوں کا اہتمام کیا گیا۔
پیر کو پانپور پولیس کی جانب سے منشیات کے خلاف ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈی ایس پی پانپور امتیاز احمد، ایس ایچ او پانپور منظور احمد کے علاوہ کئی پولیس اہلکاروں، اسکولی بچوں، سماجی کارکنان اور معزز شہریوں نے شرکت کی۔
ریلی میں شریک لوگوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے نے جن پر ’’نو ڈرگس سیو لائف‘‘ اور منشیات کی وبا کے منفی اثرات کے متعلق نعرے درج تھے۔
ڈی ایس پی پانپور نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے نوجوانوں کو منشیات سے دور رہنے کی صلاح دی۔ انہوں سماج سے منشیات کا قلع قمع کرنے کے لیے عوامی مدد طلب کی۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں کئی منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا ہے جبکہ آئندہ بھی یہ مہم جاری رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریلی کے انعقاد کا اصل مقصد لوگوں میں آگہی پیدا کرنا اور عوام خصوصا نوجوانوں کو منشیات کی لت سے دور رہنے کی ترغیب دینا ہے تاکہ سماج اس بدعت سے صاف و پاک ہو جائے۔