پلوامہ (جموں و کشمیر): سب ضلع ترال کے دور افتادہ گاؤں نارستان کے لوگوں نے علاقے میں شعبہ صحت کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمۂ صحت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ نارستان کے باشندوں نے ترال ٹاؤن میں جمع ہو کر ایک خاموش احتجاج کیا اور انتظامیہ تک اپنی بات پہنچانے کی کوشش کی۔ احتجاج کر رہے نارستان کے باشندوں کے مطابق ان کا علاقہ ترال ٹاؤن سے کافی دور ہے، اور گاؤں میں صحت محکمہ کی جانب سے ایک ہیلتھ سینٹر تعمیر تو کیا گیا تاہم وہاں بنیادی سہولیات کے فقدان ساتھ ساتھ طبی و نیم طبی عملہ کی قلت عوام کے لیے سوہان روح بنی ہوئی ہے۔
احتجاج کر رہے نارستان کے باشندوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ سینٹر میں پانچ ملازمین کے نام کی تنخواہ ہر ماہ نکالی جا رہی ہے تاہم افسوس ناک امر ہے کہ ہیلتھ سینٹر میں صرف دو ہی ملازمین تعینات ہیں جس کی وجہ سے وسیع آبادي کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی باشندوں نے بتایا کہ نارستان نامی یہ گاؤں ایک پہاڑی علاقہ ہے اور چوٹ لگنے یا ایمرجنسی صورتحال میں ہیلتھ سینٹر پر کوئی سہولیات دستیاب نہیں ہوتی اور انہیں مریض کو سب ضلع اسپتال پہنچانا پڑتا ہے۔
لوگوں کا مزید کہنا ہے کہ معاملے کی نسبت کئی بار انہوں نے متعلقہ بی ایم او اور دیگر افسران کو آگاہ کیا تاہم عوامی گزارشات کو ہر بار نظر انداز کیا گیا۔ نارستان کی آبادی نے مقامی ہیلتھ سینٹر میں معقول اسٹاف اور لازمی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ضلع انتظامیہ سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے تاکہ عوام کو مشکلات سے راحت مل سکے۔
مزید پڑھیں: Poor Cellular Service in Tral Village : جنوبی کشمیر کا ایک گاؤں مواصلاتی سہولیات سے محروم