پلوامہ: ممبر پارلیمنٹ جسٹس (ر) حسنین مسعودی نے جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے کئی دیہات کا دورہ کرکے زیر تعمیر مختلف پروجیکٹس کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ ممبر پارلیمنٹ حسنین مسعودی کے ضلع کے چرسو، ڈگری پورہ اور کاونی علاقوں کے دورے کے دوران نیشنل کانفرنس کے نائب صدر ضلع پلوامہ محمد خلیل بند کے علاوہ دیگر پارٹی لیڈران و کارکنان ان کے ہمراہ تھے۔
دورے کے دوران این سی لیڈران نے مقامی باشدنوں سے مختلف امور پر بات چیت کی اور ان کے مطالبات اور درپیش مسائل سنے اور علاقے میں ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا۔ ممبر پارلیمنٹ حسنین مسعودی نے کہا کہ علاقہ ریشی پورہ اور ڈوگری پورہ کے مکینوں نے مطالبہ کیا کہ دونوں علاقوں میں دریائے جہلم پر پل نامکمل ہے جس کو لے کر علاقے کے لوگوں نے مانگ کی کہ ان پلوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات میں کمی آ سکے۔ جبکہ اس وقت علاقے کے لوگوں کو سرینگر جموں ہائی وے تک پہنچنے کے لیے دریا عبور کرنے کے لیے کشتی کا سہارا لینا پڑتا ہے۔
ممبر پارلیمنٹ نے لوگوں کو یقین دلایا کہ پل کا تعمیراتی کام جلد شروع کر دیا جائے گا اور پروجیکٹ کو کم وقت میں مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا یہ معاملہ انہوں نے پہلے ہی اعلیٰ حکام کے ساتھ اٹھایا ہے اور انہوں نے یقین دلایا کہ دونوں منصوبوں پر کام جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ این سی لیڈر اور سابق وزیر محمد خلیل بند نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ گفتگو کے دوران کہا کہ ایم پی حسنین مسعودی کا دورہ کرنے کا بنیادی مقصد ترقیاتی کاموں کا جائیزہ لینا اور علاقہ کے مسائل اور مطالبات سننا تھا۔ خلیل بند نے کہا کہ لوگوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی پوری کوشش کی جائے گی۔