جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں عوام کے ساتھ ساتھ بازار میں دکانداروں کے حقوق اور ان کی ذمہ داریوں کے بارے میں میونسپل کمیٹی ترال کی جانب سے لاوڈ اسپیکر سے بیداری مہم کا آغاز کیا گیا۔
بیداری مہم کا آغاز میونسپل کمیٹی ترال کے ایگزیکیٹیو آفیسر منظور احمد بٹ نے کیا، جس کے بعد کمیٹی کے ماتحت عملے نے لاؤڈ اسپیکر کے ذریعہ ترال کے بازاروں میں لوگوں کو بیدار کرنے کے ساتھ ساتھ قصورواروں کے خلاف کاروائی کا انتباہ بھی دیا۔
اس موقع پر دکانداروں کو سڑکوں پر ناجائز قبضہ کرنے اور گاڑیوں کے غلط پارکنگ کرنے والوں کو متنبہ کیا گیا، کیونکہ اس کی وجہ سے راہ گیروں اور بالخصوص بیماروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس کے علاوہ دکانداروں سے پلاسٹک کے تھیلے کو بھی استعمال نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے میونسپل کمیٹی ترال کے سیکریٹری نذیر احمد ملک نے کہا کہ ترال مارکیٹ میں لاؤڈ اسپیکروں کے ذریعے سے عوام اور دکانداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنا مال دکانوں کے اندر رکھیں اور گاڑیوں کو سڑکوں پر پارک نہ کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: شاہراہ بند ہونے سے وادی میں منافع خوری عروج پر